چیف منسٹر کے سی آر کی انسانی ہمدردی

   

غریب طالبہ کے علاج کیلئے 25 لاکھ روپئے کی منظوری
حیدرآباد۔/12 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ونپرتی سے تعلق رکھنے والی ایک لڑکی کے علاج کیلئے 25 لاکھ روپئے کی منظوری دی ہے۔ وزیر زراعت نرنجن ریڈی نے متاثرہ لڑکی کے افراد خاندان کو علاج کے اخراجات سے متعلق حکومت کا مکتوب حوالہ کیا۔ ونپرتی اسمبلی حلقہ سے تعلق رکھنے والی طالبہ کی بون نیرو ٹرانسپلانٹیشن کیلئے ڈاکٹرس نے 30 لاکھ روپئے کے خرچ کا تخمینہ تیار کیا ہے۔ ایم بی بی ایس میں لڑکی کو نشست الاٹ ہونے کے باوجود وہ بیماری کے سبب تعلیم جاری رکھنے کے موقف میں نہیں ہے۔ ونپرتی کے ریولی گاؤں سے تعلق رکھنے والی شیوانی کی اس صورتحال اور خاندان کی معاشی پریشانیوں سے ریاستی وزیر نرنجن ریڈی کو واقف کرایا گیا۔ متاثرہ خاندان لڑکی کے علاج اور اس کی تعلیم کیلئے حیدرآباد کے پیر زادی گوڑہ علاقہ منتقل ہوچکا ہے۔ لڑکی کے والد بال ریڈی کیاب ڈرائیور ہیں۔ وزیر زراعت نرنجن ریڈی نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو اس خاندان کی صورتحال سے واقف کرایا۔ چیف منسٹر نے شیوانی کے علاج کیلئے حکومت کی جانب سے 25 لاکھ روپئے کے اخراجات کی منظوری دیتے ہوئے مکتوب جاری کیا۔ حیدرآباد کے ایک خانگی ہاسپٹل میں علاج جاری ہے۔ وزیر زراعت نے لڑکی کے والد کو علاج کیلئے منظورہ رقم کا مکتوب حوالے کیا۔ شیوانی کے افراد خاندان نے چیف منسٹر کے سی آر اور وزیر زراعت نرنجن ریڈی سے اظہار تشکر کیا۔ر