حیدرآباد(تلنگانہ): چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی موت کی جھوٹی خبر پھیلانے والے ایک شخص کو سائبر کرائم پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار شدہ شخص کی شناخت جگتیال ضلع سے تعلق رکھنے والے پنیالا راجو سے کی گئی ہے۔ وہ سعودی عرب میں برسرملازمت بتایا گیا ہے۔
اس نے کچھ دن قبل کے سی آر کی ایک تصویر جب وہ تلنگانہ تحریک کے دوران بھوک ہڑتال کی ایک تصویر سوشیل میڈیا ویب سائٹ فیس بک پر اپلوڈ کرتے ہوئے افواہ پھیلادی کہ کے سی آر کوروناوائرس سے فوت ہوگئے ہیں۔ سائبر کرائم پولیس نے بتایا کہ اس جھوٹی افواہ سے اس کا مقصد عوام میں خوف پیدا کرنا تھا۔ سائبر کرائم پولیس نے ملزم پنیالا راجو کو تکنیکی مدد سے سعودی عرب میں ڈھونڈ نکالا اور آئی ٹی ایکٹ کے تحت ایک کیس درج کرلیا۔
سائبر کرائم پولیس نے اس کے خلاف ایک ایل او سی جاری کیا تھا اور وہ سعودی عرب سے ممبئی کے انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر اترتے ہی ایمگریشن عہدیداروں نے اسے گرفتار کرلیا۔ ذرائع کے مطابق ملزم راجو کوممبئی سے حیدرآباد لایا گیا ہے اور اسے عدالتی تحویل میں دے دیا گیا ہے۔