ثبوت مرکز کے حوالے، بی جے پی میں ہمت ہوتو تحقیقات کرے، ریونت ریڈی کا چیلنج
حیدرآباد 21 فروری (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے سنگارینی کالریز کی مائنس کو لیز پر دینے کے معاملہ میں 50 ہزار کروڑ روپئے کے اسکام کا الزام عائد کیا اور بی جے پی کو چیلنج کیاکہ وہ کے سی آر کی بے قاعدگیوں کے خلاف تحقیقات کا اعلان کرے۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہاکہ سنگارینی کالریز کے کانوں کو 25 سال کی لیز پر دینے کے لئے تیاریاں جاری ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ٹنڈرس کے بغیر یہ کام بعض مخصوص اداروں کو حوالے کرنے کی تیاری کی گئی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ سنگارینی کالریز کا اسکام رافیل لڑاکا طیاروں کے 35 ہزار کروڑ کے اسکام سے بڑا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ بی جے پی قائدین کشن ریڈی اور بنڈی سنجے کے سی آر اور اُن کے خاندان کی بے قاعدگیوں اور کرپشن کے خلاف بیان بازی کررہے ہیں۔ بی جے پی قائدین نے کے سی آر کو جیل بھیجنے کا اعلان کیا ہے لیکن یہ تمام بیانات دراصل دکھاوا ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ کے سی آر کو جیل جانے سے روکنے کے لئے نریندر مودی سے خفیہ معاہدہ مکمل ہوچکا ہے۔ کے سی آر نے مودی کے اشارہ پر کانگریس کو کمزور کرنے کے لئے یو پی اے کی حلیف جماعتوں سے ربط قائم کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ یو پی اے کی حلیف جماعتوں کو توڑنے کے لئے کے سی آر نے نریندر مودی سے سپاری حاصل کی ہے۔ ریونت ریڈی نے بی جے پی قائدین کو چیلنج کیاکہ اگر وہ کے سی آر کے خلاف بے قاعدگیوں کی جانچ میں سنجیدہ ہیں تو 50 ہزار کروڑ اسکام کی تحقیقات کا اعلان کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کے ہمراہ اُنھوں نے مرکزی حکومت کو اسکام کی تفصیلات سے واقف کرایا ہے۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ نریندر مودی کو تیسری مرتبہ وزیراعظم کے عہدہ پر فائز کرنے کے لئے کے سی آر سرگرم ہوچکے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ مرکز میں مخالف بی جے پی محاذ کے قیام کی سرگرمیاں دراصل کانگریس کو کمزور کرنے کی سازش ہے۔ کے سی آر نے ابھی تک صرف کانگریس کی حلیف جماعتوں سے ملاقات کی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اترپردیش میں بی جے پی کی کامیابی کے لئے کے سی آر حیدرآباد سے مہم چلارہے ہیں اور بی جے پی اور مودی کے بیانات اِسی مہم کا حصہ ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس پارٹی کے سی آر کی بے قاعدگیوں اور کرپشن کے خلاف جدوجہد جاری رکھے گی۔ پریس کانفرنس میں سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر اور سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو موجود تھے۔ ر