چیف منسٹر کے عہدہ کی دوڑ میں میں شامل ہوں : اتم کمار ریڈی

   

ہائی کمان کا فیصلہ مجھے قبول رہے گا، نئی دہلی میں ڈی کے شیو کمار سے ملاقات
حیدرآباد۔/5ڈسمبر، ( سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر لیڈر اتم کمار ریڈی نے دعویٰ کیا کہ وہ تلنگانہ میں چیف منسٹر کے عہدہ کی دوڑ میں شامل ہیں تاہم پارٹی ہائی کمان کا جو بھی فیصلہ ہوگا اسے قبول کریں گے۔ نئی دہلی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے عہدہ کیلئے اگر تین چار قائدین امیدوار ہوں تو اس میں کیا غلط بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ہائی کمان مروجہ طریقہ کار کے مطابق چیف منسٹر کا فیصلہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ نتائج کو 48 گھنٹے بھی نہیں گذرے چیف منسٹر کے انتخاب میں تاخیر کی شکایت کرنا ٹھیک نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں کانگریس کے ٹکٹ پر 7 مرتبہ مسلسل کامیاب ہوچکا ہوں اور چیف منسٹر کیلئے میری دعویداری میں کوئی غلطی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے مسئلہ پر پارٹی میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے بارے میں کانگریس ہائی کمان جس نام کا بھی اعلان کرے گا وہ ان کیلئے قابل قبول رہے گا۔ اتم کمار ریڈی اور بھٹی وکرامارکا نئی دہلی میں ہیں اور اطلاعات کے مطابق اتم کمار ریڈی پارلیمنٹ کے جاریہ اجلاس میں اسپیکر اوم برلا سے ملاقات کرتے ہوئے لوک سبھا کی رکنیت سے استعفی پیش کریں گے۔ انہوں نے نئی دہلی میں کرناٹک کے ڈپٹی چیف منسٹر ڈی کے شیو کمار اور ہائی کمان کے دیگر قائدین سے ملاقات کی۔ چیف منسٹر کے انتخاب کے سلسلہ میں سرگرمیوں کے دوران اتم کمار ریڈی اور بھٹی وکرامارکا کی نئی دہلی میں موجودگی اہمیت کی حامل ہے۔ شیو کمار سے ملاقات کے بعد اتم کمار ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے بارے میں فیصلہ اے آئی سی سی صدر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حضور نگر سے رکن اسمبلی منتخب ہونے پر وہ لوک سبھا کی رکنیت سے استعفی پر غور کررہے ہیں۔ اس سلسلہ میں جلد ہی فیصلہ کریں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ پارٹی ہائی کمان نے اتم کمار ریڈی کو مشورہ دیا کہ وہ ریونت ریڈی کی مخالفت ترک کرتے ہوئے حکومت کی تشکیل میں تعاون کریں۔