چیف منسٹر 12062 کروڑ کی سرمایہ کاری کے حصول میں کامیاب

,

   

ٹوشیبا اور دیگر اہم اداروں کیساتھ معاہدات ، ریونت ریڈی کا دورہ جاپان کامیاب

حیدرآباد : 23 اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی جاپان کے ایک ہفتہ طویل دورہ کے بعد حیدرآباد واپس ہوئے۔ وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈی سریدھر بابو اور اعلی عہدیداروں پر مشتمل تلنگانہ رائزنگ ٹیم نے جاپان کی مختلف کمپنیوں اور اداروں کے ساتھ 12062 کروڑ کی سرمایہ کاری کے معاہدات کئے ہیں جن سے 30500 روزگار کے مواقع حاصل ہوںگے۔ سرکاری ذرائع نے چیف منسٹر کے دورہ جاپان کو سرمایہ کاری کے اعتبار سے کامیاب دورہ قرار دیا ہے۔ ریونت ریڈی نے اوساکا ورلڈ ایکسپو میں شرکت کی اور جاپان کی بڑی صنعتی شخصیتوں سے ملاقات کی۔ ورلڈ ایکسپو میں حصہ لینے والی تلنگانہ ملک کی پہلی ریاست ہے۔ چیف منسٹر نے سونی کارپوریشن کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا اور دو ریور فرنٹس کا معائنہ کرتے ہوئے موسی ریور فرنٹ پراجکٹ پر عمل آوری کی حکمت عملی پر بات چیت کی۔ جاپان کی کئی نامور کمپنیوں نے تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے لیے حکومت کے ساتھ یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے ہیں۔ ماروبینی کارپوریشن نے نیکسٹ جنریشن انڈسٹریل پارک کے قیام کے لیے 1000 کروڑ کی سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا۔ فیوچر سٹی میں انڈسٹریل پارک قائم کیا جائے گا ۔ماروبینی کارپوریشن نے ابتدائی سرمایہ کاری کے طور پر 1000 کروڑ مختص کئے ہیں۔ انڈسٹریل پارک کی تکمیل تک سرمایہ کاری 5000 کروڑ تک پہنچ جائے گی۔ اس پراجکٹ سے 30 ہزار نوجوانوں کو روزگار حاصل ہوگا۔ جاپان کی NTT ڈیٹا اور NEYSI نیٹ ورک نے آرٹیفیشل انٹلیجنس ڈیٹا سنٹر کلسٹر کے قیام کے لیے تلنگانہ حکومت سے معاہدہ کیا۔ دونوں ادارے 10500 کروڑ کی سرمایہ کاری کریں گے۔ ٹوشیبا ٹرانسمیشن ڈسٹریبیوشن سسٹم نے رودرارم میں الیکٹریسٹی اکیوپمنٹ مینوفیکچرنگ فیکٹری کے قیام کے لیے 562 کروڑ کی سرمایہ کاری سے اتفاق کیا ہے۔ بیرونی ممالک میں تلنگانہ کے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی میں رہنمائی کرنے والے سرکاری ادارے کام کام نے جاپان کے راج گروپ اور TREN کمپنیوں سے یادداشت مفاہمت کی ہے اور پہلے مرحلہ میں 500 نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے اپنے دورے کے آخری دن ہیروشیما تاریخی شہر کا دورہ کیا۔ انہوں نے ہیروشیما کی صوبائی اسمبلی کا دورہ کرتے ہوئے اسپیکر تاکاشی ناکاماٹو اور مقامی ارکان اسمبلی سے ملاقات کی۔ چیف منسٹر نے نیوکلیئر بم سے ہلاکتوں کے تاریخی مقام کا دورہ کرتے ہوئے یادگار پر گلہائے عقیدت پیش کئے۔ گاندھی میموریل کے علاوہ ہیروشیما پیس میموریل پارک کا چیف منسٹر نے دورہ کیا۔ ہیروشیما کے وائس گورنر نے تلنگانہ ٹیم کا استقبال کیا۔ چیف منسٹر کے دورہ جاپان کے بارے میں وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈی سریدھر بابو مزید تفصیلات جاری کریں گے۔ 1