چینی فوج کی جانب سے سائبر حملوں کے اندیشے

   

حیدرآباد ۔ ایک ایسے وقت جبکہ ہند ۔ چین سرحد پر کشیدگی کا سلسلہ جاری ہے کمپیوٹر ایمرجنسی ریسپانس ٹیم ۔ انڈیا نے ایک الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ چینی فوج کی جانب سے امکانی طور پر سائبر حملہ کیا جاسکتا ہے ۔ یہ ٹیم مرکزی وزارت الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹکنالوجی کے تحت کام کرتی ہے ۔ اپنے الرٹ میں سی ای آر ٹی ۔ ان نے خبردار کیا ہے کہ مفت کووڈ -19 ٹسٹ کے نام پر چین کے سائبر ماہرین کی جانب سے اس طرح کے حملے کئے جاسکتے ہیں۔ اس الرٹ سے تمام سرکاری محکمہ جات ‘ سکیوریٹی ایجنسیوں ‘ دفاعی اور نیم فوجی دستور اور ریاستی ایجنسیوں کو بھی کروایا جا رہا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ یہ سائبر حملے کسی آئی ڈی کے بغیر کئے جاسکتے ہیں اور سوشیل میڈیا پر ای میل یا ایس ایم ایس کے ذریعہ عوام سے ان کی شخصی اور معاشی صورتحال سے واقفیت حاصل کی جاسکتی ہے ۔ اس تعلق سے نہ صرف ریاستی ایجنسیوں بلکہ عوام کو بھی چوکس رہتے ہوئے احتیاط برتنی چاہئے ۔