چین مخالف انڈین سافٹ ویئر ’’پلے اسٹور‘‘ سے حذف

   

کیلیفورنیا ۔ /3 جون (سیاست ڈاٹ کام) سرچ انجن گوگل کی پیرنٹ کمپنی ‘الفا بیٹ’ نے گوگل اسٹور سے چین کی ایپلی کیشنز ہٹانے والی ہندوستانی ایپ ہٹا دی ہے۔مذکورہ ایپ کی مدد سے ہندوستانی صارفین چینی کمپنیوں کی تیار کردہ مختلف ایپس اپنے موبائل فون سے حذف کر سکتے تھے۔خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق ‘ریموو چائنا ایپس’ نامی ہندوستانی ایپ ہندوستان میں گوگل پلے اسٹور پر مقبول ہو گئی تھی۔ایک اندازے کے مطابق لگ بھگ 50 لاکھ صارفین نے مئی کے آخری ہفتے سے لے کر اب تک مذکورہ ایپ کو ڈاؤن لوڈ کیا تھا۔یاد رہے کہ ہندوستان اور چین کے درمیان کئی روز سے سرحدی کشیدگی جاری ہے۔ دونوں ملکوں کی فوج کے درمیان مئی کے پہلے ہفتے میں معمولی جھڑپیں بھی ہوئی تھیں۔ہندوستان میں چین کے ساتھ کشیدگی کے باعث اس کی مصنوعات اور موبائل فون ایپس کے بائیکاٹ کی مہم بھی زور پکڑ رہی ہے۔