بیجنگ، 2 ستمبر (یو این آئی) روس کے صدرولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ روس چین کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کی حمایت کیلئے تیار ہے ۔ تاس نیوز ایجنسی کے نمائندے کے مطابق پوتن نے بیجنگ میں چینی صدر کی ذاتی رہائش گاہ پر چائے پارٹی کے دوران اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ کے ساتھ غیر رسمی بات چیت کی۔ اجلاس میں وزیر خارجہ سرگئی لاوروف، صدارتی انتظامیہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر میکسم اوریشکن، صدارتی معاون یوری یوشاکوف اور وزیر دفاع آندرے بیلوسوف بھی شریک تھے ۔ دونوں صدور نے اس سے قبل وسیع بات چیت کی تھی جس میں دونوں ممالک کے وفود نے شرکت کی تھی۔ اس میں روس اور چین کے درمیان جامع شراکت داری اور تزویراتی تعاون کو مضبوط بنانے ، عملی تعاون کو فروغ دینے ، علاقائی اور بین الاقوامی مسائل اور کثیرالجہتی فورمز میں ہم آہنگی کے طریقوں پر بات کی گئی۔ یہ ملاقات بیجنگ میں دوسری جنگ عظیم کے خاتمے کی 80ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد ہونے والی تقریبات کا حصہ تھی۔