چیک پوسٹ پر ہوم گارڈ کو زخمی کرنے والی بے قابو کار کی پولیس کو تلاش

   

حیدرآباد۔ بے قابو رفتار سے ہوم گارڈ کو زخمی کرنے والی کار کو رچہ کنڈہ پولیس تلاش کررہی ہے۔ پولیس کو دو چیک پوسٹس پر چکمہ دیتے ہوئے ایک ہوم گارڈ کو زخمی کرنے والی کار اچانک غائب ہوگئی۔ پولیس اس کار کو کل سے تلاش کررہی ہے۔ یہ واقعہ ایل بی نگر کے علاقہ میں پیش آیا جہاں کار کی زد میں آکر ایک ہوم گارڈ رمیش زخمی ہوگیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق دوپہر ایک بجے کے بعد سے جاری لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل آوری کی جارہی ہے اور اس دوران ناگول پر قائم کردہ چیک پوسٹ پر پولیس کی جانب سے تلاشی کی جارہی تھی اس دوران ایک کار اس چیک پوسٹ کے قریب پہنچی اور پولیس کی تلاشی سے بچنے کیلئے کار کے ڈرائیور نے اپنی رفتار کو تیز کردیا اور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ چیک پوسٹ پر موجود پولیس جمعیت اس کار کو روکنے میں ناکام ہوگئی اور فوری طور پر سٹ کے ذریعہ آگے چیک پوسٹ کو چوکس کرتے ہوئے کار کی تفصیلات بتاتے ہوئے اے روکنے کی ہدایت دی۔ اس دوران کار کو روکنے کیلئے ہوم گارڈ رمیش نے کوشش کی جو سڑک کے درمیان آگیا تاہم کار ڈرائیور نے ہوم گارڈ رمیش کو اپنی زد میں لے لیا۔ اس دوران ہوم گارڈ رمیش شدید زخمی ہوگیا اور اس کا علاج جاری ہے۔ اطلاع کے بعد کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مہیش بھگوت ہاسپٹل پہنچ گئے اور زخمی ہوم گارڈ کی عیادت کی اور فوری کار ڈرائیور کو گرفتار کرنے کی پولیس عہدیداروں کو ہدایت دی۔