33 سال میں کئی ممالک میں سفارتی خدمات، ہند۔ سعودی عرب تعلقات کے استحکام میں اہم رول
حیدرآباد۔یکم؍ اکٹوبر، ( سیاست نیوز) وزارت خارجہ میں طویل عرصہ تک نمایاں خدمات انجام دینے کے بعد ڈاکٹر اوصاف سعید سکریٹری ٰCPV&OIA وظیفہ پر سبکدوش ہوگئے۔ وزارت خارجہ کے اعلیٰ عہدیداروں کی جانب سے وداعی تقریب منعقد کی گئی۔ خارجہ سکریٹری ونئے موہن کاٹرا نے وداعی تقریب کا اہتمام کیا جس میں وزارت خارجہ میں ڈاکٹر اوصاف سعید کی خدمات کو سراہا گیا۔ ایڈیشنل سکریٹری اور وزارت خارجہ کے ترجمان اعلی اریندم باگچی نے بھی وداعی تقریب کا اہتمام کیا تھا۔ مس منیکا جین ایڈیشنل سکریٹری اوورسیز انڈین افیرس، ٹی آرم اسٹرانگ چیف پاسپورٹ آفیسر اور خلیجی ممالک کے امور سے متعلق عہدیداروں نے علحدہ تقریب منعقد کی تھی۔ سبکدوشی سے قبل ڈاکٹر اوصاف سعید نے عرب اور مسلم ممالک کے سفراء اور ہائی کمشنرس کیلئے وداعی تقریب منعقد کی۔ ڈاکٹر اوصاف سعید حیدرآباد کے ہونہار سپوت ہیں جنہوں نے وزارت خارجہ میں 33 سال تک نمایاں خدمات انجام دیں۔ بے پناہ عوامی مقبولیت کے حامل اوصاف سعید نے ہند ۔ سعودی عرب تعلقات کے استحکام میں اہم رول ادا کیا۔ وہ تین مرتبہ سعودی عرب میں مختلف عہدوں پر متعین رہے۔ سعودی عرب کے ولیہعد پرنس محمد بن سلمان کے حالیہ دورہ ہند اور G-20 سمٹ کے انتظامات میں بھی اوصاف سعید کا اہم رول رہا۔ 1989 آئی ایف ایس بیاچ سے تعلق رکھنے والے اوصاف سعید حیدرآباد میں ریجنل پاسپورٹ آفیسر کے عہدہ پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ اپنے طویل کیریئر میں مصر، سعودی عرب، قطر، ڈنمارک، امریکہ، یمن اور سیشلز میں سفارتی عہدوں پر فائز رہے۔ مکتیش کمار پردیسی وزارت خارجہ میں اوصاف سعید کے جانشین ہوں گے۔ اوصاف سعید کا تعلق حیدرآباد کے مشہور ادبی گھرانہ سے ہے، وہ معروف افسانہ نگار عوض سعید کے فرزند اور ادیب و شاعر پروفیسر مغنی تبسم کے بھانجے ہیں۔