ڈاکٹر ذاکر نائیک کا اکٹوبر میں سرکاری دورۂ پاکستان

   

نوجوان مبلغ فارِق نائیک کا بھی خطاب
کراچی ، لاہوراور اسلام آباد میں 5 تا 20 اکٹوبر پروگرامس
کوالالمپور : معروف اسلامی اسکالر مبلغ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے ہندو ستان چھوڑنے کے تقریباً 8 برس بعد بیٹے کے ہمراہ پاکستان آنے کی تاریخوں کااعلان کردیا ۔ خیال رہے کہ حال ہی میں مبلغ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے پاکستانی یوٹیوبر نادر علی کو انٹرویو دیتے ہوئے جلد پاکستان آنے کا اشارہ دیا تھا ۔ اب انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے پاکستان آنے کی تاریخوں کااعلان بھی کردیا ہے اور بتایا کہ حکومت پاکستان کی دعوت پر اپنے بیٹے شیخ فارِق نائیک کے ہمراہ پاکستان کادورہ کریں گے ۔اسلامک اسکالر نے دورہ پاکستان کا شیڈول شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ آئندہ ماہ یعنی اکٹوبر میں کراچی ، لاہور اور اسلام آباد میں عوامی اجتماعات سے خطاب کریں گے ۔شیڈول کے مطابق ڈاکٹر ذاکر نائیک 5 اور 6 اکٹوبر کو کراچی ، 12 اور 13 اکٹوبر کو لاہور جبکہ 19 اور 20اکٹوبر کواسلام آباد میں خطاب کریں گے ۔ سوشل میڈیا پوسٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ان کے خطاب مذہبی ٹی وی چینل پیس ٹی وی سے براہ راست نشر بھی کئے جائیں گے ۔