وزیر بلدی نظم و نسق و شہری ترقیات تلنگانہ کے ٹی آر کا عہدیداروں کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد ۔ 27 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق و شہری ترقیات مسٹر کے ٹی راما راؤ نے ڈبل بیڈ روم مکانات کے استفادہ کنندوں کے انتخاب میں انتہائی شفافیت برتنے کا عہدیداروں کوہدایات دیں اور حکومت کے مرتب کردہ رہنمایانہ خطوط کے مطابق ایک جامع لائحہ عمل کو تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ شہری علاقوں میں مکانات کے تعمیری کاموں کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے وزیر امکنہ مسٹر پرشانت ریڈی اور وزیر انیمل ہسبنڈری مسٹر ٹی سرینواس یادو کے ہمراہ پرگتی بھون میں متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس طلب کیا اور اس موقعہ پر عہدیداروں سے شہر حیدرآباد میں ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر سے متعلق تفصیلات حاصل کئے اور اس موقع پر وزیر بلدی نظم و نسق مسٹر کے ٹی راما راؤ نے صرف اہل غریب افراد کو ہی ڈبل بیڈ روم مکان رہنے اور فراہم کرنا ہی ریاستی حکومت کا اہم مقصد ہے ۔ وزیر بلدی نظم و نسق و شہری ترقیات نے عہدیداروں کو ڈبل بیڈ روم مکان فراہمی کے انتخاب کے سلسلہ میں لاٹری سسٹم کے طریقہ کار پر عمل کرنے کی ضروری ہدایات دیں ۔ اس موقعہ پر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن حدود میں ایک لاکھ ڈبل بیڈ روم مکانات کے تعمیری کام تیزی سے جاری رہنے سے متعلق محکمہ ہاوزنگ کے عہدیداروں نے وزیر موصوف کے علم میں بات لائی ۔ اور بتایا کہ اب تک ہی 70 فیصد تعمیری کام مکمل ہونے کا بھی اظہار کیا اور ماباقی کاموں کو بھی جلد سے جلد مکمل کروایاجائے گا ۔۔