ڈرائیورکم اونراسکیم: زیرالتوا گاڑیوں کی آئندہ ماہ حوالگی

   

استفادہ کنندگان کے ناموں کی تنقیح جاری ، منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی مالیاتی کارپوریشن ایم اے وحید کا بیان
حیدرآباد۔15جنوری(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی جانب سے چلائی جانے والی ڈرائیور کم اوونر اسکیم کے تحت 130 گاڑیوں کی حوالگی جو کہ زیر التواء ہے وہ آئندہ ماہ کے اوائل میں جاری کردی جائیں گی۔ منیجنگ ڈائریکٹر تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن جناب ایم اے وحید نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے منظورہ گاڑیو ںمیں 342 گاڑیوں کی اجرائی عمل میں لائی جا چکی ہے اور مابقی گاڑیوں کے لئے امیدواروں کے انتخاب کا عمل تیزی سے جاری ہے لیکن اس میں بینک عہدیداروں کی جانب سے امیدواروں کی تنقیح کے سبب کچھ تاخیر ہو رہی ہے مگر آئندہ ماہ کے اوائل تک یہ عمل مکمل کرلیا جائے گا۔ انہو ںنے بتایا کہ 130گاڑیوں کے استفادہ کنندگان کے انتخاب کے سلسلہ میں بینک عہدیداروں کی جانب سے تنقیح کا عمل جاری ہے اور اس میں بیشتر ناموں کو قطعیت دی جا چکی ہے اور کارپوریشن کو یہ نام موصول ہو چکے ہیں ۔ جناب محمد عبدالوحید نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میںحکومت کی جانب سے منظورہ گاڑیوں کے لئے تلنگانہ ریاستی اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کی جانب سے سبسیڈی کی رقم کی اجرائی کو یقینی بنایا جا رہاہے لیکن جن امیدواروں کے نام بینک عہدیداروں کے پاس موجودہیں ان کے متعلق بینک عہدیدار اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ ان درخواست گذاروں کی جانب سے کوئی قرض باقی یا ادائیگی میں ناکامی کا معاملہ تو نہیں ہے۔انہو ںنے بتایا کہ بیشتر امیدواروں کے انتخاب کو قطعیت دیتے ہوئے بینک عہدیداروں نے استفادہ کنندگان کی تفصیلات روانہ کردی ہیں اور توقع ہے کہ آئندہ 15دن میں تمام نام موصول ہو جائیں گے۔ انہو ںنے بتایاکہ تمام 130 ناموں کے موصول ہوتے ہی گاڑیوں کی حوالگی کیلئے قطعی تاریخ کا اعلان کردیا جائے گا اور اس سے قبل تلنگانہ ریاستی اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کی جانب سے ان تمام استفادہ کنندگان کی سبسیڈی رقومات کی اجرائی کے سلسلہ میں اقدامات کرلئے جائیں گے۔ ریاست میں حکومت کی جانب سے شروع کی گئی اس اسکیم کے تحت منظورہ تمام گاڑیوں کی حوالگی اور سبسیڈی رقومات کی اجرائی کے بعد نئی گاڑیوں کے لئے کارپوریشن کی جانب سے درخواستوں کی وصولی کا عمل شروع کیا جائے گا اور اس عمل کے دوران نئے استفادہ کنندگان کی نشاندہی عمل میں لائی جائے گی ۔ بینک عہدیداروں کا کہناہے کہ اس اسکیم کے استفادہ کنندگان کو قطعیت دینے میں اس بات کا خاص خیال رکھا جا رہاہے کہ درخواست گذار سابق میں کسی قرض اسکیم سے استفادہ حاصل کرنے کے بعد قرض کی ادائیگی میں ناکام تو نہیں ہوا ہے کیونکہ سرکاری اسکیم میں گاڑیوں کی اجرائی کے بعد وصولی میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا کرنا نہ پڑے۔