انشورنس ہر شخص کیلئے لازمی، نیشنل روڈ سیفٹی ماہ کا محبوب نگر میں انعقاد
محبوب نگر ۔ 28 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) یہ حقیقت ہمیشہ آپ کے پیش نظر رہنا چاہئے کہ آپ اپنے خاندان کے ذمہ دار ہیں اور ان کی دیکھ بھال آپ کو کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مقامی ایم ایل اے ینم سرینواس ریڈی نے کیا۔ وہ آج ’’نیشنل روڈ سیفٹی ماہ‘‘ کے ضمن میں مستقر محبوب نگر کے الماس فنکشن ہال میں پروگرام سے مخاطب تھے جس کا انعقاد ریاستی ٹرنسپورٹ ڈپارٹمنٹ، ٹریفک پولیس و یسٹرن آندھرا ٹول ویز پرائیویٹ لمیٹیڈ نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔ ایم ایل اے نے کہا کہ ایسے پروگراموں میں ہماری شرکت ضروری ہے۔ ہم نہیں جانتے کہ حادثات کس نوعیت کے پیش آئیں گے ہمیں ہماری زندگیوں کی حفاطت خود کرنا ہوگا۔ ہیلت انشورنس ضرور کروائیں جس سے صحت کے مسائل سے نمٹنے میں کوئی پریشانی نہیں ہوگی۔ انہوں نے ڈرائیونگ کے دورن سیل فون پر بات کرنے سے سختی سے منع کیا۔ ہم وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کی قیادت میں تعلیم اور طب پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ اگر آپ قواعد و ضوابط پر عمل کریں گے تو پریشانیوں سے محفوظ رہیں گے۔ انہوں نے ڈرائیورس کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ وہ کسی بھی قسم کے تعاون کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جس طرح انہوں نے محبوب نگر ایجوکیشن فنڈ قائم کیا ہے اسی طرز پر محنت مزدوری کرنے والوں کے لئے فنڈ قائم کرنے پر غور کررہے ہیں۔ سرکاری اسکولس میں معیاری تعلیم کی فراہمی کو میں ذمہ داری کے طور پر محسوس کررہا ہوں۔ آروگیہ شری اسکیم کے تحت دیگر ہاسپٹلوں کو لانے کی کوشش جاری ہے۔ ایم ایل اے نے اس موقع پر ’’نیشنل روڈ سیفٹی ماہ‘‘ اور تلنگانہ فور وہیلرس ڈرائیورس اینڈ ہائر وہیکل اسوسی ایشن کے کتابچوں کی رسم اجراء انجام دی۔ اس موقع پر کشن، واسدیو، ڈی ایس پی سدرشن، ٹریفک سی آئی بھگونت ریڈی، موڈا چیرمین لکشمن یادو، نرسمہا ریڈی قائدین سراج قادری، راملو یادو، آر ٹی اے ممبران و دیگر موجود تھے۔