انقرہ : ترکیہ کے صدر رجب طیب اردغان نے گزشتہ روز لیفکوشا میں ٹیکنوفیسٹ ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ترکیہ ڈرون ٹیکنالوجی میں دنیا کے سرفہرست تین ممالک میں شامل ہے۔انہوں نے اس میدان میں غیر متزلزل عزم اور جوش و جذبے کے ساتھ آگے بڑھنے کا عہد کیا۔ایردوان نے مستقبل پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ ٹیکنوفیسٹ کے ہنر مندوں ، شمالی قبرصی ترک جمہوریہ میں ترقی پانے والے منصوبوں اور ہمارے تزویراتی اقدامات کے ساتھ، ہم آنے والی صدیوں تک یہاں کھڑے رہیں گے۔ہم ترک قوم اور ترک قبرصیوں کی حیثیت سے ان سرزمینوں کے میزبان ہیں۔ شمالی قبرصی ترک جمہوریہ کے ساتھ ترکیہ کے مضبوط تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے ایردوان نے اعلان کیا کہ جو لوگ یہ نہیں جانتے انہیں معلوم ہونا چاہئے ، اور جنہوں نے نہیں سنا ہے انہیں سننا چاہئے۔شمالی قبرص کے صدر ارسین تاتار نے بھی ترکیہ کی دفاعی صنعت کی کامیابیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ قومی دفاعی صنعت میں ترکیہ کی حالیہ کامیابیوں کے پیچھے موجود ادارے پوری ترک دنیا کیلئے یادگار افتخار ہیں۔