میدک میں منشیات سے متعلق شعور بیداری ریالی، ضلع کلکٹر کا خطاب
میدک۔ 27 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) عالمی یوم انسداد منشیات کے موقع پر ضلع میدک میں منشیات سے متعلق شعور بیداری ریالی کا اہتمام کیا گیا، جس کا آغاز ضلع کلکٹر راہول راج اور ضلع ایس پی ڈی وی سرینواس راؤ نے جھنڈی دکھا کر کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کلکٹر نے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات، سگریٹ، گٹکھا اور دیگر نشہ آور عادات سے مکمل طور پر دور رہنا چاہیے کیونکہ یہ نہ صرف صحت کو نقصان پہنچاتی ہیں بلکہ سماجی زندگی اور مستقبل کو بھی تاریک بنا دیتی ہیں۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ نوجوان اگر برے راستوں کی طرف مائل ہوں تو والدین اور سرپرستوں کو فوری مداخلت کرنی چاہیے۔ کلکٹر نے کہا کہ آج کے نوجوان ہی کل کے شہری ہیں، اگر ان میں سے کوئی منشیات کی لعنت کا شکار ہو جائے تو وہ نہ صرف اپنے بلکہ ملک کے مستقبل کو بھی خطرے میں ڈال دیتا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے والدین کی قربانیوں کو یاد رکھیں اور کبھی بھی ان کے اعتماد کو ٹھیس نہ پہنچائیں۔ایس پی سرینواس راؤ نے عوام سے اپیل کی کہ اگر منشیات کے بارے میں کوئی اطلاع ہو تو فوری طور پر پولیس کو 1908 پر مطلع کریں۔ ریالی کے اختتام پر ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں کلکٹر نے مقابلوں میں کامیاب طلبہ کو انعامات تقسیم کیے اور تمام شرکاء کو ڈرگس فری سوسائٹی کے قیام کا حلف دلایا۔اس پروگرام میں ایڈیشنل کلکٹر ناگیش، سینئر سول جج روبینہ فاطمہ، ایڈیشنل ایس پی مہیندر، آر اینڈ بی ای ای سردار سنگھ، ضلع ویلفیئر آفیسر ہیماوتی، ڈی ایس پی پرسنّا کمار، پرنسپل ڈگری کالج مسٹر حسین، تحصیلدار لکشمن بابو اور دیگر اعلیٰ عہدیداران موجود تھے۔