نئی دہلی:چھتیس گڑھ حکومت نے سپریم کورٹ میں ایک عرضی دائر کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) ریاست کے ایکسائز حکام کے ساتھ مل کر ریاست کے وزیر اعلی بھوپیش بگھیل کو منی لانڈرنگ کیس میں پھنسانے کی کوشش کر رہا ہے۔ اس معاملے کی سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے ای ڈی کو ہدایت دی کہ وہ ڈر کا ماحول نہ بنائیں۔سپریم کورٹ میں چھتیس گڑھ حکومت کی طرف سے پیش ہونے والے سینئر وکیل کپل سبل نے دلیل دی کہ ریاست کے محکمہ آبکاری سے وابستہ کئی افسران نے شکایت کی ہے کہ ای ڈی انہیں اور ان کے اہل خانہ کو گرفتار کرنے اور خود وزیر اعلیٰ کو کیس میں ملوث کرنے کی دھمکی دے رہی ہے۔ جس کی وجہ سے افسر محکمہ ایکسائز میں کام کرنے کو تیار نہیں ہیں۔