مارچ تک صرف 80 فیصد نشستوں کی گنجائش، وزارت ہوا بازی
نئی دہلی : ملک کے اندر پرواز کرنے والے مسافروں کو اب 30 فیصد زائد کرایہ ادا کرنا پڑے گا۔ حکومت نے مختلف روٹس کے لئے اقل ترین اور اعظم ترین فضائی کرایوں میں اضافہ کیا ہے۔ ماقبل کوویڈ ڈومیسٹک نشستوں کی گنجائش 80 فیصد رکھنے کی اجازت دی گئی تھی جس پر 31 مارچ 2021 ء تک عمل آوری ہوگی۔ طیاروں کا اقل ترین کرایہ 10 فیصد اور اعظم ترین کرایہ میں 30 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے۔ دہلی اور ممبئی کے درمیان پرواز کے لئے فضائی کرایہ اب 3,500 روپئے تا 10,000 روپئے کے بجائے 3,900 روپئے تا 13,000 روپئے ہوگا۔ یہ اکنامک ایک رخی کرایہ ہے اس میں ایرپورٹس کے یوزر ڈیولپمنٹ فیس شامل نہیں ہے۔ مسافروں کی سکیورٹی فیس (ڈومیسٹک کے لئے 150 روپئے) اور جی ایس ٹی بھی عائد ہوگا۔ وزارت ہوا بازی نے گزشتہ ماہ مئی میں 7 زمروں میں پرواز کے اوقات کی بنیاد پر ڈومیسٹک پروازوں کی زمرہ بندی کی تھی۔ جو پروازیں 40 منٹ سے کم مسافت کی ہوں گی اور جو 3 تا 3.5 گھنٹوں کی مسافت کریں گی ان کے لئے مختلف کرایہ ہوں گے۔ دو ماہ کی معطلی کے بعد مقررہ سرویس کو جزوی طور پر بحال کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ مقررہ ڈومیسٹک پروازوں کو 25 مارچ 2020 ء سے معطل کردیا گیا تھا اور 25 مئی سے ایک تہائی طیاروں کو پرواز کی اجازت دی گئی تھی۔ اس کے بعد سے حکومت پروازوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ کررہی ہے۔