ڈومیسٹک پروازوں کا آج سے آغاز

,

   

کورنٹائن سے متعلق ریاستوں کے علحدہ قواعد سے مسافرین میں الجھن
نئی دہلی ۔ 24 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ملک میں گھریلو پروازوں کا دو ماہ کے وقفہ کے بعد پیر 25 مئی سے دوبارہ آغاز ہورہا ہے۔ ڈومیسٹک پروازوں کے مسافرین میں زبردست الجھن پائی جاتی ہے کیونکہ کئی ریاستوں میں علحدہ طور پر شرائط عائد کردی ہیں جو ایک دوسرے سے بالکل مختلف ہیں۔ ایک طرف مہاراشٹرا، مغربی بنگال اور ٹاملناڈو کے ساتھ دوسری ریاستوں نے بھی ان ریاستوں میں کوروناوائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ کے پیش نظر ایرپورٹس کو کھولنے کی مخالفت کی ہے اور کہا ہیکہ اس سے ایرلائنس اور شہری ہوا بازی کے حکام کو مشکلات پیش آسکتی ہیں۔ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نے ڈومیسٹک پروازوں کو ملتوی کرنے کی مرکز سے اپیل کی۔ ایرایشیاء انڈیا نے کہاہیکہ تمام مسافروں کو اپنی منزل مقصود والی ریاستوں کے ہیلت پروٹوکول کا تفصیلی مطالعہ کرنا چاہئے۔ اس نے کہا کہ مسافروں کو واپس کرنے یا انہیں کورنٹائن کرنے سے متعلق معاملات کیلئے وہ ذمہ دار نہیں ہوگا۔ اسی دوران اتوار کو ایرلائن کے نمائندوں اور کئی ریاستوں کے نمائندوں نے وزارت شہری ہوا بازی کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ کئی اجلاس منعقد کئے اور ان میں مختلف متنازعہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں اس بات پر توجہ مرکوز کی گئی کہ کورنٹائن کے قواعد تمام ریاستوں میں یکساں ہونا چاہئے ۔ کرناٹک، ٹاملناڈو، کیرالا ، بہار ، پنجاب، آسام اور آندھراپردیش میں ریاستوں میں آنے والے مسافرین کیلئے کورنٹائن کے قواعد کا اعلان کردیا ہے۔ بعض ریاستوں میں کورنٹائن کو لازمی قرار دیا گیا جبکہ دیگر نے ہوم کورنٹائن کی بات کی ہے۔ وزیرشہری ہوابازی ہردیپ سنگھ پوری نے کہا کہ آروگیہ سیتو ایپ میں گرین موقف دکھانے کے بعد مسافر کے کورنٹائن کی کیا ضرورت ہے لیکن ریاستیں مسافرین کے کورنٹائن کرنے پر بضد ہیں۔ مہاراشٹرا نے 25 فلائٹس کی اجازت دی ہے ۔دہلی ائیر پورٹ پر تقریباً380فلائٹس کی ہنڈلنگ ہوگی ۔ مرکز مسافرین کیلئے کورنٹائن کے یکساں قواعد وضع کرنے کی کوشش کرر ہا ہے۔