حیدرآباد۔ 27 جولائی (سیاست نیوز) چونکہ اسمبلی اجلاس جاری ہے ایسے میں یہ قیاس آرائی کی جارہی ہیکہ آیا کانگریس ایوان میں ڈپٹی اسپیکر، چیف وہپ اور وہیس کے عہدوں کیلئے پارٹی کے نامزد افراد کے ناموں کا اعلان کرے گی۔ تلنگانہ میں اقتدار حاصل ہونے کے بعد اس کے پہلے سیشن میں پارٹی نے چار وہپس بی یلیا، رامچندر نائیک، اے لکشمن اور آدی سرینواس کے ساتھ گڈم پرساد کمار کو اسپیکر مقرر کیا۔ تاہم ڈپٹی اسپیکر، چیف وہپ اور مزید دو وہپس کے عہدے خالی ہیں۔ اب کانگریس کے ارکان اسمبلی ان عہدوں کو پُر کرنے کیلئے پارٹی قیادت پر زور دے رہے ہیں۔ کئی سینئر اور نوجوان ارکان اسمبلی یہ عہدے حاصل کرنے کے خواہاں ہیں اور اس کیلئے پارٹی قیادت اور چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کے ساتھ لابی بنارہے ہیں۔ ذرائع نے کہا کہ بعض ارکان اسمبلی جو یہ جانتے ہیں کہ آئندہ توسیع میںکابینہ میں ان کی شمولیت کے امکانات نہیں ہیں۔ ڈپٹی اسپیکر اور چیف وہپ کے عہدوں کے خواہاں ہیں اور وہ مبینہ طور پر ڈپٹی چیف منسٹر ملوبھٹی وکرمارکا اور وزراء این اتم کمار ریڈی اور ڈی سریدھر بابو کے ساتھ لابی بنارہے ہیں۔ اگر ذرائع پر یقین کیا جائے تو پی رام موہن ریڈی، ملاریڈی رنگاریڈی اور بالو نائیک ڈپٹی اسپیکر اور چیف وہپ کے عہدوں کیلئے آگے ہیں تاہم ان ارکان اسمبلی کو انہیں کابینہ میں شامل کئے جانے کی امید بھی ہے اور اگر پیشکش کی گئی تو ڈپٹی اسپیکر اور چیف وہپ کے عہدے حاصل کرنے سے انکار بھی کرسکتے ہیں۔ اس میں ایک امکان یہ ہیکہ پہلے کے ضلع رنگاریڈی کے ارکان اسمبلی کو جس کی کابینہ میں نمائندگی نہیں ہے، ان عہدوں کیلئے نامزد کیا جاسکتا ہے۔