ڈپٹی چیف منسٹر اروناچل پردیش کے بنگلے کو آگ لگادی گئی

,

   

احتجاجیوں پر پولیس فائرنگ ‘ 2 افراد ہلاک ‘تین زخمی ‘6 طبقات کو مستقل سکونت کے خلاف احتجاج

ایٹانگر ۔ /24 فبرور ی (سیاست ڈاٹ کام) ڈپٹی چیف منسٹر اروناچل پردیش چونے مین کی خانگی رہائش گاہ کو مبینہ طور پر آگ لگادی گئی ۔ ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں توڑ پھوڑ مچائی گئی ۔احتجاجیوں پر قابو پانے پولیس کی فائرنگ میں دو افراد ہلاک اور تین دوسرے زخمی بھی ہوگئے ۔ احتجاجی 6 طبقات کو مستقل سکونت کی سند دینے کے خلاف ہنگامہ کررہے تھے ۔ عوام کی بڑی تعداد نے سڑکوں پر نکل کر تشدد برپا کیا ۔ خانگی املاک اور موٹر گاڑیوں کو نقصان پہونچایا ۔ جمعہ کے دن احتجاج کے دوران پولیس فائرنگ میں ایک شخص کے زخمی ہونے کے بعد اسے دواخانہ میں شریک کیا گیا تھا جہاں وہ زخموں سے جانبر نہ ہوسکا ۔ اس شخص کی موت کے بعد عوام برہم ہوگئے اور سڑکوں پر نکل آئے ۔ ایٹانگر میں واقع ڈپٹی چیف منسٹر کی خانگی رہائش کو آگ لگادی ۔ اروناچل پردیش میں ریاست کے باہر کی چھ برادریوں کو مستقل شہری کا سرٹیفکیٹ دیا گیا تھا ۔ اس کے خلاف احتجاج جاری ہے ۔ ریاست کا ماحول کشیدہ ہوگیا ہے ۔ اتوار کی دوپہر ہجوم نے ڈپٹی چیف منسٹر کے بنگلے کو آگ لگادی ۔ ایٹا نگر انتظامیہ کے مطابق ڈپٹی چیف منسٹر کی ایک کار کو بھی آگ لگادی گئی ۔ چیف منسٹر پیماکھنڈو کے گھر کے باہر آئی ٹی بی سی جوانوں اور مظاہرین کے درمیان جھڑپ ہوئی ۔ کرفیو کی خلاف ورزی کرکے احتجاجیوں نے سڑکوں پر ہنگامہ کیا ۔