ممبئی : ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ممبئی میں تقریباً 2 ہزار اور کولکتہ میں 500 افراد کو کورونا کی جعلی ویکسینز لگائی گئیں۔اے ایف پی کے مطابق کولکتہ میں جن افراد کو جعلی ویکسینز لگائی گئیں ان میں سے چند معذور تھے۔حکومت کی جانب سے مفت میں ویکسین لگانے کے آغاز کے بعد سے رواں ہفتے ویکسین لگوانے والوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔حکومت کی طرف سے ویکسین مفت لگانے کا اعلان اپریل اور مئی میں وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے نتیجے میں تباہ کن صورتحال پیدا ہونے کے بعد سامنے آیا تھا۔ممبئی پولیس نے کہا کہ تقریباً 2 ہزار افراد کو کورونا ویکسین کا کہہ کر نمکین پانی کا انجکشن لگا دیا گیا۔پولیس نے نیوز کانفرنس کے دوران بتایا کہ ممبئی میں دھوکہ دینے والے نجی ہاسپٹل کے دو ڈاکٹروں سمیت 10 افراد کو اس سلسلہ میں گرفتار کر لیا گیا۔دوسری جانب پولیس نے کولکتہ میں جنیات میں ماسٹرز ڈگری کا حامل اور خود کو سرکاری ملازم ظاہر کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا، جو 8 جعلی ویکسی نیشن کمیپس چلا رہا تھا۔پولیس نے کہا کہ تقریباً 250 معذور اور خواجہ سرا افراد کو ایک مقام پر جعلی ویکسین لگائی گئی ۔