ہر اتوار کو صبح 10 بجے صفائی کا کام، بستی دواخانوں میں ضروری ادویات کی فراہمی
حیدرآباد۔/7 ستمبر، ( سیاست نیوز) حکومت نے ڈینگو اور دیگر وبائی امراض پر قابو پانے کی مہم میں تیزی پیدا کرتے ہوئے ریاست بھر میں شعور بیداری مہم اور بہتر علاج کی سہولتوں کا فیصلہ کیا ہے۔ مچھروں سے پھیلنے والے امراض جن میں خاص طور پر ڈینگو بخار کے واقعات میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے حکومت نے محکمہ صحت کو چوکس کردیا ہے۔ جنگی خطوط پر اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی تاکہ عوام کو مرض سے بچنے کی تدابیر سے واقف کرایا جائے گا۔ ریاست بھر میں ڈینگو اور موسمی بخار کے واقعات سے نمٹنے کیلئے محکمہ صحت نے بنیادی سطح پر ڈاکٹرس اور طبی عملہ کی فراہمی کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ گریٹر حیدرآباد کے علاوہ اضلاع میں کارپوریشنوں اور میونسپلٹی کے حدود میں ڈینگو، ملیریا، ٹائیفائیڈ کے کیسس پر قابو پانے شعور بیداری مہم چلائی جائے گی۔ محکمہ جات صحت، بلدی نظم و نسق اور پنچایت راج کے عہدیداروں کو الرٹ کردیا گیا۔ امراض سے بچاؤ کیلئے مختلف زبانوں میں پملفٹس تقسیم کئے جائیں گے اور بخار سے بچنے کیلئے ادویات کی فراہمی کی ہدایت دی گئی ہے۔ ہر اتوار کو ریاست بھر میں صبح 10 بجکر 10 منٹ پر گھر اور اطراف کے علاقے کی صفائی کی مہم چلائی جائے گی اور عوام کو اس میں زیادہ سے زیادہ شمولیت کیلئے آمادہ کرتے ہوئے مچھروں کی افزائش کو روکنے میں مدد ملے گی۔ اس مہم میں طلبہ اور اساتذہ کو بھی سماجی ذمہ داری کے طور پر شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تمام بستی دواخانوں اور پرائمری ہیلت سنٹرس میں ڈینگو اور دیگر امراض سے نمٹنے کیلئے کٹس دستیاب رہیں گے۔ ہر ضلع میں کلکٹرس سے شعور بیداری مہم کی نگرانی کرنے کی خواہش کی گئی ہے۔ ریاستی وزراء، عوامی نمائندے اور آئی اے ایس عہدیدار اپنے گھروں میں صبح 10 منٹ تک صفائی کے کام انجام دیں گے۔ اضلاع میں کلکٹرس کی جانب سے شعور بیداری مہم میں ڈیجیٹل میڈیا کا استعمال کیا جائے گا۔ مقامی ٹی وی چیانلس سے تعاون حاصل کرتے ہوئے عوام کو بچاؤ اقدامات کے بارے میں واقف کرایا جائے گا۔ ڈینگو کی ابتدائی علامات میں سخت بخار، سردرد، آنکھ کے اندرونی حصہ میں درد اور اعضاء شکنی شامل ہیں۔ ابتدائی علامات کے ساتھ ہی سرکاری ہاسپٹل سے رجوع ہوکر دوائیں حاصل کی جاسکتی ہیں۔ بخار کے ابتداء سے پانچ دن میں ضروری ٹسٹ کرانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ڈاکٹرس کی جانب سے درکار ٹسٹوں کی رہنمائی کی جائے گی۔ر