ڈینگو بخار سے ڈاکٹر لڑکی فوتخاندان پر سکتہ ، نارائن کھیڑمنڈل میں واقعہ

   

نارائن کھیڑ /20 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ڈینگو بخار سے ایک نوجوان ڈاکٹر لڑکی کی موت ہوگئی ۔ سنگاریڈی ضلع کے نارائن کھیڑ منڈل کے وینکٹاپور گاؤں سے تعلق رکھنے والی ویشنوی نے ایم بی بی ایس کی تکمیل کے بعد پریکٹس کر رہی تھی ۔ وہ گذشتہ تین دنوں سے شدید بخار میں مبتلا تھی ۔ طبی معائنوں کے بعد اسے ملیریا کے ساتھ ڈینگو کا بھی پتہ چلا ۔ جس پر اس کے گھر والوں نے حیدرآباد کے یشودھا ہاسپٹل میں شریک کروایا جہاں وہ علاج کے دوران فوت ہوگئی ۔ نوجوان لڑکی کی تین دن کی بخار میں موت پر اس کے گھر والوں پر سکتہ طاری ہوگیا ۔ تلنگانہ کے کئی اضلاع میں گذشتہ چند دنوں سے ڈینگو ، ملیریا اور دیگر وبائی بخار سے سینکڑوں افراد متاثر ہو رہے ہیں ۔ خاص طور پر بچوں میں یہ بخار زیادہ دیکھا جارہا ہے ۔ جبکہ حکومت کا دعوی ہے کہ ریاست میں ڈینگو کوئی وباء نہیں ہے ۔