فیور اور نیلوفر ہاسپٹلس کا دورہ کرنے عہدیداروں کو ہدایت، طبی سہولتوں کیلئے 133 کروڑ منظور، اسمبلی میں وزیر فینانس ہریش راؤ کا بیان
حیدرآباد۔4 ۔اکتوبر (سیاست نیوز) وزیر فینانس ہریش راؤ نے کہا کہ ریاست میں ڈینگو کا علاج آروگیہ شری اسکیم کے تحت کیا جارہا ہے اور اس سلسلہ میں خانگی اور کارپوریٹ ہاسپٹلس کو واضح طور پر ہدایات جاری کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگو کے مریضوں کو آروگیہ شری کے تحت علاج سے انکار اور زائد فیس وصول کرنے والے خانگی ہاسپٹلس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ اسمبلی میں وقفہ سوالات میںوزیر فینانس نے نیلوفر اور فیور ہاسپٹل میں علاج کی سہولتوں میں بہتری کیلئے عہدیداروں کو فوری دورہ کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن اور ڈائرکٹر پبلک ہیلت اندرون دو یوم فیور ہاسپٹل اور نیلوفر کا دورہ کرتے ہوئے وبائی امراض سے نمٹنے کیلئے انتظامات کا جائزہ لیں گے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ اسمبلی اجلاس کے بعد وہ خود بھی سرکاری دواخانوں کا دورہ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ جاریہ سال ڈینگو کے کیسس میں بتدریج اضافہ درج کیا گیا ہے ۔ 2018-19 ء سے تقابل کیا جائے تو کیسس کی تعداد کم ہے۔ تاہم 2020 ء میں کورونا وباء کے سبب عوام گھروں تک محدود تھے ، لہذا ڈینگو کے کیسس کافی کم درج ہوئے ۔ 2018 ء میں 6362 ، 2019 ء میں 13361 ڈینگو کے کیسس درج کئے گئے ۔ جاریہ سال ابھی تک 4694 ڈینگو کے کیس منظر عام پر آئے ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ وبائی امراض کا سبب بننے والے مچھروں کی افزائش روکنے کیلئے محکمہ ہیلت اور جی ایچ ایم سی کے حکام مشترکہ طور پر اقدامات کریں گے۔ انہوں نے سرکاری دواخانوں میں عملہ کی کمی سے متعلق شکایات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ضلع کلکٹرس کو اختیارات دیئے ہیں کہ مستقل تقررات تک عارضی طور پر درکار عملہ کا تقرر کریں۔ انہوں نے کہا کہ وبائی امراض پر قابو پانے میں حکومت سنجیدہ ہے اور خانگی ہاسپٹلس کو من مانی رقومات وصول کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری دواخانوں میں بچوں کے علاج سے متعلق سہولتوں کو بہتر بنانے کیلئے چیف منسٹر نے 133 کروڑ کی منظوری دی ہے جس کے تحت بچوں کے وینٹی لیٹرس ، آئی سی یو وارڈس اور دیگر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ خانگی دواخانوں کو آروگیہ شری کے بلز کے طور پر 4138 کروڑ روپئے جاری کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ صرف 160 کروڑ روپئے کی اجرائی باقی ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ D-2 ویریئنٹ کے بارے میں حکومت چوکس ہے اور تلنگانہ میں اس کا ایک بھی کیس منظر عام پر نہیں آیا۔ انہوں نے خیریت آباد کے ہاسپٹل کے جلد آغاز کا تیقن دیا۔ مجلس کے فلور لیڈر اکبر اویسی نے نیلوفر اور فیور ہاسپٹل میں علاج کی سہولتوں میں کمی کی شکایت کی۔ انہوں نے کہا کہ خانگی ہاسپٹلس آروگیہ شری کے تحت ڈینگو کے مریضوں کو شریک کرنے سے انکار کر رہے ہیں۔ انہوں نے خانگی ہاسپٹلس کی من مانی ختم کرنے کیلئے حکومت کو متحرک ہونے کا مشورہ دیا۔ ر