ڈیٹا چوری کیس ‘ تحقیقات میں اہم پیشرفت

   

قانون اپنا کام کریگا :ایس آئی ٹی سربراہ اسٹیفن رویندرا کا ادعا
حیدرآباد۔ 7 مارچ (سیاست نیوز) آئی ٹی گرڈس انڈیا پرائیویٹ لمیٹیڈ کی جانب سے مبینہ طور پر آندھرا پردیش کے عوام کی نجی معلومات کا ڈیٹا چوری کرنے کا معاملہ طول پکڑتا جارہا ہے اور دونوں تلگو ریاستوں میں اس پر اختلافات میں شدت آگئی ہے۔ ڈیٹا چوری کیس کی تحقیقات کیلئے قائم کی گئی اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم کے سربراہ اسٹیفن رویندرا نے کہا کہ تحقیقاتی ٹیم نے اہم پیشرفت کی ہے۔ انہوں نے پریس کانفرنس میں کہا کہ آندھرا پردیش کے عوام کے علاوہ تلنگانہ کے عوام کا ڈیٹا بھی آئی ٹی گرڈس کمپنی نے چوری کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کیس کی ہر زاویہ سے تحقیقات کی جارہی ہے اور ڈیٹا چوری میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انسپکٹر جنرل پولیس اسٹیفن رویندرا نے کہا کہ آئی ٹی گرڈس انڈیا پرائیویٹ لمیٹیڈ کے سربراہ اشوک چاہے وہ امراوتی میں ہو یا امریکہ میں، تلنگانہ پولیس نہیں بخشے گی۔ انہوں نے کہا کہ قانون اپنا کام کریگا اور یہ کیس درج کئے جانے کے بعد پولیس پر کئی الزامات عائد کئے جارہے ہیں جس کے پیش نظر کیس کی تحقیقات شفافیت سے کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی گرڈس بلو فراکس موبائیل ٹیکنالوجی کے علاوہ دیگر افراد بھی ملوث ہونے کا شبہ ہے۔ اسٹیفن رویندرا نے کہا کہ تلنگانہ کا بھی اہم ڈیٹا آئی ٹی گرڈس نے استعمال کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلگو دیشم کے سیوا مترا ایپ میں تلنگانہ رائے دہندوں کی تفصیلات پائی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کیس کے کلیدی ملزم اشوک کا پتہ لگانے پولیس کوشاں ہے اور کیس میں اہم پیشرفت کے نتیجہ میں آئی ٹی اور دیگر ماہرین سے رائے حاصل کی جارہی ہے۔