ڈی ناگیندر اور کڈیم سری ہری کیخلاف انحراف کی شکایت کی سماعت مکمل

   

اسپیکر کے اجلاس پر فریقین کے وکلاء نے دلائل پیش کئے
حیدرآباد ۔19 ۔ فروری (سیاست نیوز) اسپیکر تلنگانہ قانون ساز اسمبلی جی پرساد کمار نے انحراف کے الزامات کا سامنا کرنے والے ارکان اسمبلی سری ہری اور ڈی ناگیندر کے معاملہ کی سماعت مکمل کرلی ہے۔ ڈی ناگیندر کے خلاف شکایتوں کی کل سماعت کی گئی جبکہ آج اسٹیشن گھن پور کے رکن اسمبلی کڈیم سری ہری کے خلاف شکایتوں کا جائزہ لیا گیا۔ بی آر ایس رکن اسمبلی کے پی ویویکانند نے سری ہری کو اسمبلی کی رکنیت سے نااہل قرار دینے کے لئے درخواست داخل کی ہے۔ اسپیکر پرساد کمار کے اجلاس پر کے پی ویویکانند اور کڈیم سری ہری کے وکلاء کی جانب سے دلائل پیش کئے گئے۔ دونوں وکلاء کو ایک دوسرے کی جراح کا موقع فراہم کیا گیا۔ کے پی ویویکانند کے وکلاء نے کڈیم سری ہری کے خلاف مزید ثبوت اسپیکر کے حوالے کئے ۔ ڈی ناگیندر کے خلاف بی آر ایس کے کوشک ریڈی اور بی جے پی کے مہیشور ریڈی نے اسپیکر سے شکایت کی۔ دونوں ارکان اسمبلی کے وکلاء نے اسپیکر کے روبرو انحراف کے حق میں دلائل پیش کئے ہیں ۔ اسپیکر نے ناگیندر کے وکلاء کو بھی دلائل پیش کرنے کا موقع دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ناگیندر کے وکلاء نے بی آر ایس قیادت کی جانب سے رکن اسمبلی کو معطل کئے جانے کے بارے میں سوال کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ سپریم کورٹ میں بی آر ایس نے اپنے حلفنامہ میں ناگیندر کو معطل کرنے کی کارروائی سے واقف کرایا ہے ۔ اسپیکر نے سپریم کورٹ کی ہدایت پر تمام 10 منحرف ارکان کے خلاف درخواستوں کی سماعت مکمل کرلی ہے۔ اسپیکر نے 8 ارکان اسمبلی کو انحراف کے الزامات سے بری کردیا ہے اور کڈیم سری ہری اور ڈی ناگیندر کے معاملہ میں اسپیکر کا فیصلہ ابھی باقی ہے۔1