ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کیلئے ہر ممکنہ اقدامات
حیدرآباد۔رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کیلئے تلنگانہ ریاستی الیکشن کمیشن کے علاوہ شہر حیدرآباد کی ہر سیاسی جماعت کی جانب سے کوشش کی جانے لگی ہے اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے انتخابات میں رائے دہی کے فیصد کو بہتر بنانے کے لئے حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے۔ تلنگانہ ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹر سلپس کی تقسیم کے عمل کو 25 نومبر تک مکمل کرلئے جانے کی ہدایات کے باوجود اب تک شہر کے کئی بلدی حلقوں میں ووٹر سلپس کی تقسیم کا عمل مکمل نہیں کیاجاسکا ہے اور کئی بلدی حلقوں کے نصف سے زیادہ علاقو ںمیں رائے دہندوں کو اس بات کا علم نہیں ہے کہ ان کے مراکز رائے دہی کہاں قائم کئے گئے ہیں اور ان کا ووٹ کہاں پر ہے۔ سیاسی جماعتوں کے قائدین کی جانب سے اپنے اپنے کارکنوں کو اس بات کی تاکید کی جا رہی ہے کہ وہ شہر حیدرآباد کے ان علاقوں کی نشاندہی کریں جہاں رائے دہندوں کو ووٹر سلپس نہیں پہنچ پائے ہیں اور ان علاقو ںمیں موجود شہریوں کو کو ووٹر سلپس پہنچانے کے اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیدارو ں کو جو انتخابات میں خدمات انجام دے رہے ہیں انہیں ہدایت دی گئی ہے کہ وہ غیر سرکاری اور سماجی تنظیموں کی خدمات حاصل کرتے ہوئے ووٹر سلپس کی تقسیم کے عمل کو مکمل کریں لیکن اس کے باوجود ووٹر سلپس کی تقسیم کو بہتر انداز میں مکمل نہ کئے جانے پر امیدواروں کی جانب سے ناراضگی کا اظہار کیا جانے لگا ہے اور کہا جا رہاہے کہ شہر حیدرآباد میں انتخابات کے دوران رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کیلئے رائے دہندوں تک ووٹر سلپس پہنچایاجانا لازمی ہے اور اگر اس عمل میں انتخابی عملہ ناکام ہوتا ہے تو اس کا اثر لازمی طور پر رائے دہی کے فیصد پر ہوگا کیونکہ شہر حیدرآباد میں رائے دہی کے فیصد میں ریکارڈ کی جانے والی گراوٹ کی وجوہات میں یہ بھی ایک اہم وجہ ہے ۔ دونوں شہروں میں رائے دہندوں کو آن لائن ووٹر سلپ کے حصول کی بھی سہولت مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے علاوہ تلنگانہ ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے فراہم کی جا رہی ہے لیکن رائے دہندوں کی بڑی تعداد آن لائن اپنے ووٹر سپلس حاصل کرنے کی اہل نہ ہونے کے سبب انہیں مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ نوجوان رائے دہندوں کی جانب سے آن لائن ووٹر سلپس ڈاؤن لوڈ کئے جانے لگے ہیں لیکن ضعیف العمر شہریوں کو ان کے ووٹر سلپس موصول نہ ہونے کی شکایات کا فوری طور پر ازالہ کیا جانا ضروری ہے ۔