اسلام آباد: افغانستان پر طالبان کے کنٹرول کے بعد پیدا شدہ صورت حال کے دوران کابل سے عملہ بہ حفاظت نکالنے پر عالمی بینک نے حکومت پاکستان سے اظہار تشکر کیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق صدر عالمی بینک نے حکومت پاکستان سے اظہار تشکر کیا ہے ، وزارت خزانہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کابل سے عملے کو بہ حفاظت نکالنے پر ورلڈ بینک کی جانب سے پاکستان کا شکریہ ادا کیا گیا۔پاکستان کی جانب سے عالمی بینک کے عملے کو ویزا اور سیکیورٹی کے ساتھ ساتھ پی آئی اے کی چارٹر فلائٹ بھی فراہم کی گئی تھی۔اس پر صدر عالمی بینک نے کہا کہ ہم اسٹاف کی میزبانی پر وزیر اعظم اور متعلقہ اداروں کے شکرگزار ہیں۔ واضح رہے کہ ورلڈ بینک نے افغانستان کے لیے امداد بند کرنے کا اعلان کیا ہے ، افغانستان میں ورلڈ بینک کے دو درجن سے زائد ترقیاتی منصوبے جاری ہیں۔عالمی بینک کے مطابق طالبان کے کنٹرول کے بعد افغانستان کی صورت حال انتہائی تشویش ناک ہے ، اور صورت حال کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے ۔ خیال رہے کہ عالمی بینک افغانستان کو پانچ اعشاریہ تین ارب ڈالر دے چکا ہے جس میں زیادہ تر امداد شامل ہے۔