کابل سے کشمیر تک زلزلے کے جھٹکے

   

نئی دہلی : آج صبح کابل اوراسلام آباد سے لیکر جموں کشمیر اور ہریانہ تک زمین لرز اٹھی اور زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ۔یوروپی۔میڈیٹیرینین سیسمولوجیکل سنٹر نے کہا کہ 5.9 شدت کا زلزلہ صبح 10 بجکر 19منٹ کے قریب فیض آباد، افغانستان سے 70 کلومیٹر جنوب مشرق میں آیا۔ اس کا اثر جموں کشمیر اور ہماچل پردیش میں بھی محسوس کیا گیا۔ زلزلے کا مرکز 71.17 ڈگری مشرق اور 36.64 ڈگری شمال میں افغانستان تاجکستان سرحدی علاقے میں زمین سے 220 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ ہماچل پردیش میں بھی اتوار کی سہ پہر زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.9 ریکارڈ کی گئی۔زلزلے کے جھٹکے اس قدر شدید تھے کہ لوگ خوف کے مارے گھروں سے باہر نکل آئے اور سڑکوں اور کھلے علاقوں کی طرف بھاگنے لگے۔