ممبئی، 23 جون (ایجنسیز) کاجل اگروال نے جنوبی ہند کی فلمی صنعت کو اپنی سادگی، دلکش اداؤں اور متوازن اداکاری سے نہ صرف جیتا، بلکہ بالی ووڈ میں بھی اپنا جادو جگایا۔ کاجل اگروال کی پیدائش 19 جون 1985 کو ممبئی میں ہوئی۔ ان کے والد ونیت اگروال ٹیکسٹائل کے کاروبار سے وابستہ ہیں اور والدہ سومتی اگروال کنسلٹنٹ ہونے کے ساتھ ساتھ ان کی مینیجر بھی رہیں۔ کاجل نے اپنی ابتدائی تعلیم سینٹ این ہائی اسکول، ممبئی سے حاصل کی، اور بعد میں کیشوبھائی کالج آف کامرس سے ماس میڈیا (مارکیٹنگ) میں گریجویشن مکمل کیا۔ تعلیم کے دوران ہی ماڈلنگ اور اشتہاروں میں ان کی دلچسپی نے انہیں فلمی دنیا کی طرف مائل کیا۔ کاجل نے فلمی دنیا میں اپنے کریئرکی شروعات 2004 میں ہندی فلم’کیوں ! ہو گیا نا…‘ سے کی، جس میں ان کا کردار مختصر تھا۔ لیکن یہ ابتدا ان کے عزم کی مظہر تھی۔ 2007 میں انہوں نے تلگو فلم ’لکشمی کلیانم‘ سے بطور ہیروئن اپنے سفر کی باقاعدہ شروعات کی۔ اسی سال ان کی فلم ’چندماما‘ ریلیز ہوئی، جو کامیاب رہی اور انہیں بطور اداکارہ پہچان دلائی۔ 2009 کی فلم ’مگدھیرا‘ کاجل اگروال کے کریئرکا سب سے اہم موڑ ثابت ہوئی۔ اس فلم میں انہوں نے رام چرن کیساتھ کام کیا اور شہزادی متھراوتی کا کردار ادا کیا۔ یہ فلم نہ صرف سوپر ہٹ ہوئی بلکہ کاجل کی اداکاری اور ان کے ڈبل رول کو ناقدین اور ناظرین دونوں نے سراہا۔ اسی فلم سے انہوں نے جنوبی ہندوستانی فلمی صنعت میں اپنی جگہ پکی کر لی۔ اس کے بعد کاجل نے ایک کے بعد ایک کئی کامیاب فلمیں کیں، جن میں ’ڈارلنگ‘ (پربھاس کے ساتھ)، ’برنداونم‘ (این ٹی آر جونیئر کے ساتھ)، ’مسٹر پرفیکٹ‘، ’بزنس مین‘، ’نائک‘ اور’بادشاہ‘جیسی فلمیں شامل ہیں۔ ان فلموں میں ان کا کردار کبھی رومانی، کبھی سنجیدہ اور کبھی شوخ مزاج رہا، مگر ہر روپ میں وہ ناظرین کے دلوں کو بھا گئیں۔ کاجل نے 2011 میں اجے دیوگن کے ساتھ فلم ’سنگھم‘سے بالی ووڈ میں بطور ہیروئن قدم رکھا۔ اس کے بعد 2013 میں اکشے کمار کیساتھ فلم ’اسپیشل26‘ میں ان کا کردار اگرچہ مختصر تھا مگر مؤثر تھا۔ انہوں نے یہاں بھی اپنی موجودگی کا احساس دلایا۔ کاجل اگروال کی اداکاری کا سب سے نمایاں پہلو اُن کی آنکھوں کی زبان، چہرے کا سکون، اور فطری انداز ہے۔ وہ جذباتی مناظر میں بھرپور تاثر دیتی ہیں، اور ان کی مسکراہٹ ان کی سب سے بڑی طاقت سمجھی جاتی ہے۔ چاہے وہ روایتی کردار ہو یا ماڈرن، وہ ہر روپ کو اپنالیتی ہیں۔ کاجل کو کئی بار بہترین اداکارہ کے طور پر مختلف فلمی ایوارڈز میں نامزد کیاگیا، جن میں فلم فیئر سائوتھ اور ایس آئی آئی ایم اے اور سنیما ایوارڈشامل ہیں۔ فلم ’مگدھیرا‘کے لیے انہیں بہترین اداکارہ کا اعزاز بھی ملا۔ کاجل نے 30 اکتوبر 2020 کو گوتم کچلو سے شادی کی جو ایک بزنسمین اور انٹیریئر ڈیزائنر ہیں۔ 2022 میں ان کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی جس کا نام نیل کچلو رکھا گیا۔ کاجل نے ازدواجی زندگی کیساتھ اپنے فلمی کریئرکو متوازن اندازمیں جاری رکھا ہوا ہے۔