واشنگٹن: امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے سابق صدر جمی کارٹر کی آخری رسومات کے دوران اپنے سابق نائب صدر مائیک پینس سے مصافحہ کیا۔ اس موقع پرواشنگٹن میں سابقہ اور موجودہ امریکی انتظامیہ کی شخصیات جمع تھیں۔ ریپبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے ٹرمپ اور پینس کے درمیان تعلقات 2017 سے 2021 تک جاری رہنے والے ٹرمپ کی پہلی صدارتی مدت کے خاتمے کے بعد سے کشیدہ ہیں۔ ٹرمپ کی پہلی صدارت کے دوران پینس نائب صدر تھے۔کارٹر کی آخری رسومات میں جمعرات کو پینس ٹرمپ کے پیچھے بیٹھ گئے۔ وہ جارج ڈبلیو بش اور براک اوباما سمیت سابق صدور کے ساتھ دوسری صف میں تھے۔ بائیڈن اور ان کی نائب صدر کملا ہیریس اگلی صف میں تھیں۔پینس نے اس وقت ٹرمپ کے ساتھ وفاداری سے کام کیا لیکن انہوں نے چھ جنوری 2021 کو 2020 کے الیکشن میں ٹرمپ کی شکست کو الٹانے کی کوششوں میں حصہ لینے کیلئے منتخب صدر کی درخواست کو مسترد کر دیا تھا۔ پینس نے احتجاج میں حصہ نہیں لیا تھا لیکن ٹرمپ کے حامیوں کی ایک بڑی تعداد نے کیپیٹل ہل کی عمارت پر دھاوا بول دیا تھا۔