حیدرآباد 26 جولائی ( پی ٹی آئی ) کارگل وجئے دیوس کے موقع پر آج کارگل کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ سابق مرکزی وزیر دتاتریہ ‘ بی جے پی ایم ایل سی این رامچندر راو اور محکمہ دفاع کے حکام نے کارگل کے شہیدوں کو خراج پیش کیا ۔ دتاتریہ اور رامچندر راو نے پریڈ گراونڈ سکندرآباد پہونچ کر کارگل جنگ کی 20 ویں سالانہ یاد کے موقع پر گلہائے عقیدت پیش کئے ۔ دفاع کے ایک اعلامیہ میں یہ بات بتائی گئی ۔ سابق فوجیوں کی جانب سے لیفٹننٹ جنرل سریندر ناتھ ( ریٹائرڈ ) نے جنگی ہیروز کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ میجر جنرل این سرینواس راو ‘ جنرل آفیسر کمانڈنگ تلنگانہ و اے پی کمانڈنٹس کالج آف ائر وارفیر ‘ اے او سی سنٹر ‘ ملٹری ہاسپٹل اور اسٹیشن کمانڈر و سینئر فوجی عہدیداروں نے بھی شہیدوں کی یادگار پر گلہائے عقیدت پیش کئے ۔ جنگی دبابے ‘ بندوق اور دیگر اسلحہ عوام کے مشاہدہ کیلئے رکھا گیا تھا ۔