مرکزی الیکشن کمیشن کا فیصلہ، نوٹیفکیشن کی اجرائی
حیدرآباد۔/18 مئی، ( سیاست نیوز) سنٹرل الیکشن کمیشن نے انتخابات میں امیدواروں کو مختص کئے جانے والے انتخابی نشان کی فہرست کے ساتھ نوٹیفکیشن جاری کردیا جس میں بی آر ایس کے انتخابی نشان ’ کار‘ سے مشابہت رکھنے والے آٹو رکشا، ٹوپی، ٹرک، استری پر امتناع عائد کردیا گیا۔ اب یہ انتخابی نشان تلنگانہ کے علاوہ پڑوسی ریاست آندھرا پردیش میں بھی کسی امیدوار کو الاٹ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ 2018 کے عام انتخابات کے علاوہ دیگر ضمنی انتخابات میں ’ کار ‘ سے ملتے جلتے انتخابی نشانات سے بی آر ایس کو نقصان ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے بی آر ایس پارٹی نے سنٹرل الیکشن کمیشن سے نمائندگی کی تھی اور ایسے انتخابی نشان کسی بھی امیدوار کو مختص نہ کرنے کی اپیل کی تھی۔ جس کا جائزہ لینے کے بعد سنٹرل الیکشن کمیشن نے 15 مئی کو انتخابی نشانات سے متعلق ایک فہرست جاری کی ہے جس میں متذکرہ چار انتخابی نشانات کو فہرست سے خارج کرتے ہوئے 193 نشانات پر مشتمل تازہ فہرست نوٹیفکیشن کے ساتھ جاری کردی ۔ سنٹرل الیکشن کمیشن نے ریاست کی چار سیاسی پارٹیوں کو تسلیم کیا ہے۔ بی آر ایس کا انتخابی نشان ’ کار ‘ مجلس اتحادالمسلمین کا انتخابی نشان ’ پتنگ ‘ تلگودیشم پارٹی کا انتخابی نشان ’سائیکل ‘ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے انتخابی نشان ’سیلنگ فیان ‘ کو برقرار رکھا ہے۔ن