مجلس کی اسٹیرنگ اسد اویسی کے ہاتھ میں ہے، ملک پیٹ میں آئی ٹی ٹاور کا سنگ بنیاد، کے ٹی آر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 2 اکٹوبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت کے ٹی آر نے کہا کہ کار کی اسٹیرنگ چیف منسٹر کے سی آر کے ہاتھ میں مجلس کی اسٹیرنگ اسدالدین اویسی کے ہاتھ میں ہے۔ تاہم بی جے پی کی اسٹیرنگ اڈانی کے ہاتھ میں ہے۔ ملک پیٹ میں آئی ٹی ٹاور کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے کے ٹی آر نے کار کی اسٹیرنگ مجلس کے ہاتھ میں ہونے کا الزام عائد کرنے والوں کے جواب میں ان خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ حیدرآباد چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں پوری طرح محفوظ ہے۔ امن و امان، ترقی، بھائی چارگی، گنگاجمنی تہذیب تیزی سے فروغ پارہی ہے ۔ ترقی کے معاملے میں تلنگانہ ملک بھر میں سرفہرست ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں تلنگانہ کی فی کس آمدنی کے علاوہ دیگر امور میں تلنگانہ نے مختصر عرصہ میں بہت بڑی چھلانگ لگاتے ہوئے کسی بڑی ریاستوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ دھان کی پیداوار میں پنجاب اور ہریانہ سے آگے ہوگیا ہے۔ چیف منسٹر کی قیادت میں بہت کم عرصہ میں کالیشورم پراجکٹ تعمیر کرلیا گیا ہے۔ پراجکٹ کی تعمیر میں مرکزی حکومت نے ایک روپیہ کی بھی مالی امداد نہیں کی ہے۔ سارے ملک کیلئے حیدرآباد کی ترقی مثالی بن گئی ہے۔ گریٹر حیدرآباد میں میٹرو ریل توسیع دینے وسیع تر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ پرانے شہر میں میٹرو ریل چلانے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ موسیٰ ندی کو خوبصورت بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں جس کو جلد از جلد مکمل کیا جائے گا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ماضی میں ہمیشہ حیدرآباد میں کرفیو نافذ ہوا کرتا تھا۔ چیف منسٹر کے سی آر کے 9 سالہ دورحکومت میں تلنگانہ میں لا اینڈ آرڈر مکمل کنٹرول میں ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ان کے بچپن میں ملک پیٹ کا نام لیتے ہی ٹی وی ٹاور کا تصور آتا تھا ۔ مستقبل میں ملک پیٹ کا نام لیتے ہی آئی ٹی ٹاور سے بلایا جائیگا۔ 44.20 ایکر اراضی میں آئی ٹی ٹاور کی تعمیر کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے۔ پہلے مرحلہ میں 10.35 ایکر اراضی پر 1,032 کروڑ روپئے کے مصارف سے 21 منزلہ ٹاور تعمیر کیا جارہا ہے۔ 36 ماہ میں آئی ٹی ٹاور کی تعمیرات مکمل کی جائیں گی۔ مائیکرو سافٹ، اڈوب جیسی نامور کمپنیوں کو لایا جائیگا۔ آئی ٹی شعبہ میں حیدرآباد تیزی سے ترقی کررہا ہے۔ بنگلور سے زیادہ آئی ٹی ملازمتیں حیدرآباد میں دستیاب ہیں۔ن