شیر کے حملہ میں ایک لڑکی کی موت ، ایک کسان کے شدید زخمی ہونے پر عوام خوفزدہ
سرپورٹاؤن: 30 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سرپورٹاؤن کے دوبہ گوڈا کالونی کے ساکن سریش اپنے بیوی کے ہمراہ کھیت میں 11 بجے کے اوقات کپاس کو توڑنے کا کام کرنے میں مصروف تھا, اسی دوران اچانک شیر نے سریش نامی نوجوان پر حملہ کرتے ہوئے بری طرح زخمی کر دیا، پڑوسی کھیتوں میں کام کرنے والے لوگوں اور اس کی بیوی کی چیخ و پکار سے سریش کو شیر زخمی کرکے فرار ہو گیا۔ شیرکے حملے میں زخمی ہونے والے سریش کو سرپورٹاون کے سرکاری دوا خانے میں علاج کے لیے شریک کر دیا گیا۔ سرپور ٹاون میں مقامی سطح پر علاج کرنے کے بعد شیر کے حملے میں زخمی ہونے والے نوجوان کی حالت تشویش ناک ہونے پر کاغذنگر کے دوا خانے کو منتقل کر دیا گیا۔ مقامی فارسٹ محکمہ کے ملازمین نے سرپورٹاؤن فارسٹ رینج آفس کے علاوہ اطراف و اکناف کے گاؤں کے عوام کو احتیاط کرتے ہوئے حد سے زیادہ ضرورت پڑنے پر گروپ کی شکل میں اپنے مکان سے باہر نکلنے کا مشورہ دیا۔ خصوصی طور پر اسکولوں کے بچوں کو اکیلے نہ چھوڑنے کی بھی والدین سے اپیل کی گئی۔ضلع کمرم بھیم آصف آباد کے کاغذنگر منڈل میں شیر کی موجودگی سے مقامی افراد میں خوف کی لہر پائی جاتی ہے ۔ واضح رہے کہ تازہ طور پر شیر کے حملہ میںایک لڑکی کی موت ہوگئی ۔ اس واقعہ کے بعد محکمہ جنگلات کے حکام نے سخت چوکسی اختیار کیا ۔ انہوں نے 15 مواضعات میں ہائی الرٹ کا اعلان کردیا اور کہا کہ ایدگام ، نزرال ، سیتانگر ، انوگوڑہ ، گنارم ، گزامبا ، آرے گوڑہ ، بابو نگر علاقوں میں شیر کے گشت کرنے کی اطلاعات ہیں ۔جنگلات کے قریب رہنے والوں کو کھیتی کے کام کیلئے نہ جانے کی وارننگ جاری کی گئی ہے اور عوام سے چوکس رہنے کی اپیل کی گئی ہے ۔