کالاپتھر انصاری روڈ پر مہیب آتشزدگی ، پلاسٹک گودام جلکر خاکستر

   

کوئی جانی نقصان نہیں، آگ کے شعلوں اور کثیف دھویں سے علاقہ میں خوف، اندرون ہفتہ تیسرا واقعہ

حیدرآباد ۔ 18 مارچ (سیاست نیوز) پرانے شہر حیدرآباد میں اندرون ہفتہ مہیب آتشزدگی کا تیسرا واقعہ پیش آیا۔ علاقہ کالاپتھر انصاری روڈ پر پیش آئے اس مہیب آتشزدگی کے واقعہ میں پلاسٹک گودامس جلکر خاکستر ہوگئے۔ تاہم اس واقعہ میں کوئی جانی نقصان پیش نہیں آیا۔ آگ کے شعلوں اور دھویں کے کثیف بادل سے قریبی علاقوں میں خوف و دہشت پیدا ہوگئی۔ جائے حادثہ کے قریب اقلیتی اقامتی اسکول (گرلز) کی عمارت کو فوری خالی کروادیا گیا اور ان لڑکیوں کو قریب کے ایک فنکشن ہال منتقل کردیا گیا۔ آگ لگنے کے سبب دھویں سے سارا علاقہ خوف کے سایہ میں پھیل گیا۔ اطلاع کے ساتھ ہی اسسٹنٹ کمشنرآف پولیس کالاپتھر مسٹر شیخ جہانگیر مقام حادثہ پر پہنچ گئے اور راحت کاری اقدامات کا جائزہ لیا۔ اس دوران مقامی عوام نے پولیس اور فائر سیفٹی عملہ کے ساتھ آگ پر قابو پانے کے اقدامات میں تعاون کیا۔ تقریباً 9 فائر انجن گاڑیوں کے ذریعہ تین گھنٹے کی طویل مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔ تاہم شام ہونے تک بھی علاقہ میں خوف و دہشت پائی گئی۔ آبادیوں میں کارخانے اور گوداموں کے سبب آئے دن ایسے واقعات سے شہری اپنی سلامتی کے تعلق سے فکرمند ہیں۔ ان گوداموں میں کوئی احتیاطی اقدامات تدابیر کو اختیار نہیں کیا گیا تھا۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد پولیس نے کہا کہ شاک سرکٹ سے آگ لگنے کا شبہ ظاہر کیا ہے۔ گذشتہ چند دنوں بہادرپورہ حدود میں مہیب آتشزدگی کی واردات میں ٹمبرڈپو خاکستر ہوگیا تھا۔ یہ واقعہ ابھی تازہ ہی تھا کہ انصاری روڈ پر آج صبح کے اوقات پیش آئے آتشزدگی کے واقعہ سے شہریوں میں خوف و دہشت پیدا ہوگئی ہے۔ شہر میں اندرون ہفتہ یہ تیسرا بڑا واقعہ ہے۔ سکندرآباد کے علاقہ سواپنالوک کامپلکس میں لگی آگ اور اموات کے بعد انتظامیہ کی جانب سے لاپرواہی کے خلاف اقدامات ثابت ہورہے ہیں اور ان لاپرواہیوں کے سبب شہریوں کی جانوں کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔ع