آندھرا پردیش میں واقعہ ۔ ویڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل
حیدرآباد 23 جنوری ( سیاست نیوز ) آندھرا پردیش کے ایک جونئیر کالج میں ایک 16 سالہ طالب علم نے تیسری منزل سے چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی ۔ اس واقعہ کا سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آیا ہے جس پر عوام میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ اننت پور نارائنا کالج کا طالب علم 10.15 بجے کلاس روم سے باہر آیا ۔ اپنی چپل چھوڑی اور دیوار پر چڑھ کر بنا رکے نیچے کود گیا ۔ کلاس روم کے ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جب کلاس چل رہی تھی یہ طالب علم باہر آگیا ۔ جیسے ہی اس نے چھلانگ لگائی اس کے ساتھی دوڑ کر باہر نکلے ۔ پولیس عہدیدار ٹی وینکشولو نے بتایا کہ یہ لڑکا تعطیلات کے بعد آج صبح ہی کالج واپس آیا تھا ۔ خود کشی کی وجوہات کا پتہ نہیں چل سکا ہے تاہم طالب علم کے والد اور جہد کاروں کا کہنا ہے کہ فیس کی ادائیگی کے مسئلہ پر شائد اس نے خود کشی کی ہے ۔لڑکے کے والد نے الزام عائد کیا کہ اس نے کالج انتظامیہ سے کہا تھا کہ جب وہ اپنے لڑکے کو کالج چھوڑنے آئیگا تو فیس جمع کروائے گا ۔ اس نے کہا کہ وہ سمجھتا ہے کہ فیس کی عدم ادائیگی پر ان کے فرزند سے سوال ہوا تھا ۔ واقعتا کیا کچھ ہوا ہے اس کا اسے پتہ نہیں ہے ۔ کالج انتظامیہ نے ابھی تک اس مسئلہ پر کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا ہے ۔