جنوری میں نوٹس دی جاسکتی ہے، جسٹس پی سی گھوش کمیشن کی تحقیقات جاری
حیدرآباد۔/4 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) کالیشورم پراجکٹ اور دیگر بیاریجس کی تعمیر میں بے قاعدگیوں کی جانچ کرنے والے جسٹس پی سی گھوش کمیشن کی جانب سے جنوری میں سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور سابق وزیر آبپاشی ہریش راؤ کو طلب کئے جانے کا امکان ہے۔ کمیشن پراجکٹ کی منصوبہ بندی اور تخمینہ طئے کرنے کے علاوہ ناقص مینٹننس پر دونوں قائدین کے بیانات قلمبند کرے گا۔ میڈی گڈہ ، سونڈیلا اور انارم بیاریجس کے نقصانات پر کمیشن نے آبپاشی کے انجینئرس سے مسلسل تین دن تک جرح کی۔ کمیشن کے ذرائع نے بتایا کہ محکمہ آبپاشی کے عہدیداروں کے حلفنامہ اور بیانات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ سابق اریگیشن سکریٹریز بشمول سابق چیف سکریٹری سومیش کمار اور ایس کے جوشی کو ڈسمبر کے تیسرے ہفتہ میں دوبارہ طلب کیا جائے گا۔ کمیشن آبپاشی کے انجینئرس اور عہدیداروں کی جانب سے فراہم کی گئی تفصیلات پر اپنی رپورٹ پیش کرے گا۔ ذرائع کے مطابق عہدیداروں نے اپنے بیانات میں کے سی آر اور ہریش راؤ کو پراجکٹس کی تیاری کیلئے ذمہ دار قرار دیا ہے لہذا کمیشن ان دونوں کو طلب کرتے ہوئے بیان ریکارڈ کرے گا۔ جسٹس گھوش سے قبل جسٹس نرسمہا ریڈی نے کے سی آر کو نوٹس دی تھی جس پر وہ سپریم کورٹ سے رجوع ہوئے تھے جس کے بعد نرسمہا ریڈی کی جگہ جسٹس گھوش کا تقرر عمل میں آیا۔1