آشا ورکرس، آٹو ڈرائیورس اور معمر افراد میں نقد رقم کی تقسیم
کاماریڈی۔/17 مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سینئر کانگریس قائد محمد علی شبیر نے آج یہاں کاماریڈی حلقہ کے بھکنور منڈل کے موضع سوا پور میں آشا ورکرس، آٹو ڈرائیورس اور معمر افراد میں نقد رقم کی تقسیم عمل میں لائی۔ اس موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے محمد علی شبیر نے کہاکہ ریاست میں کورونا وائرس کے سبب عوام پریشان ہیں تو چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اپنی دختر کو ایم ایل سی بنانے کیلئے دیگر پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے منتخب قائدین کو خریدنا شروع کیا ہے۔ گزشتہ چند دنوں سے کاماریڈی، نظام آباد کانگریس اور بی جے پی سے تعلق رکھنے والے کارپوریٹرس اور ضلع پریشد کے رکن کو خریدا ہے اپنی دختر کو بڑے پیمانے پر کامیاب بنانے کیلئے ٹی آر ایس کے سربراہ مصروف ہیں، انہیں عوام کی کوئی پرواہ نہیں۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ کانگریس پارٹی اقتدار میں نہ ہونے کے باوجود بھی ان سنگین حالات میں عوام کی خدمت میں مصروف ہے۔ مرکزی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ملک گیر سطح پر کورونا وائرس کی وباء چل رہی ہے 5سو کیسوں کے موقع پر لاک ڈاون کرتے ہوئے عوام کو گھروں تک محدود رہنے کی ترغیب دی گئی تھی لیکن 5000 کیسس ہونے پر تالی بجانے کو کہا گیا اور 10 ہزار کیسس ہونے پر لائیٹ بند کی گئی۔ 40 ہزار کیسس ہونے پر پھول نچھاور کئے گئے۔ 50 ہزار کیسس ہونے پر شراب کی دکانات کھول دی گئیں۔ محمد علی شبیر نے عوام کو راحت پہنچانے کیلئے جنگی خطوط پر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر ضلع کانگریس صدر کے سرینواس راؤ سینئر کانگریس قائدین راج ریڈی، اندرا کرن ریڈی کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔