کاماریڈی میں سنگ دلی کا انسانیت سوز واقعہ

   


سواری نہ ملنے پر شوہر نے بیوی کی نعش کو تین کیلو میٹر تک کاندھوں پر اُٹھاکر شمشان گھاٹ منتقل کیا

کاماریڈی : کورونا کے باعث انسانی ہمدردی آہستہ آہستہ ختم ہوتی جارہی ہے اور ایک دوسرے کی مدد کرنے سے بھی گریز کیا جارہا ہے۔ ایسا ہی دل دہلادینے والا واقعہ کاماریڈی میں پیش آیا۔ ناسازی صحت کے باعث فوت ہونے والی خاتون کی آخری رسومات انجام دینے کے لئے کوئی بھی آگے نہ آنے پر شوہر نے 3 کیلو میٹر تک اپنی بیوی کی نعش کو شمشان گھاٹ منتقل کیا۔ کاماریڈی ریلوے اسٹیشن کے علاقہ میں مقیم گداگر ناگا لکشمی ناسازی صحت کی وجہ سے کل شام فوت ہوگئی جس پر اس کے شوہر نے آٹو ڈرائیور کو نعش شمشان گھاٹ منتقل کرنے کی خواہش کرنے پر کوئی بھی آٹو ڈرائیور تیار نہیں ہوا اور نہ ہی کوئی نعش کو پکڑنے کے لئے تیار ہوا۔ ناگا لکشمی کا شوہر جسمانی معذور ہے، چند نوجوانوں نے چندہ کرتے ہوئے 2500 روپئے جمع کرکے دیئے اور سوامی اپنی بیوی کی نعش کو کاندھے پر لے کر 3 کیلو میٹر تک کا سفر طے کرتے ہوئے شمشان گھاٹ پہنچ کر آخری رسومات انجام دیں۔ کورونا کے خوف سے کوئی بھی ایک دوسرے کی مدد نہیں کررہا ہے اور انسانی ہمدردی ختم ہوتے جارہی ہے۔