کانسٹیبل ریکروٹمنٹ کے نتائج جاری کرنے ریونت ریڈی کا مطالبہ

   

چیف منسٹر کو مکتوب، 90 ہزار بیروزگار نوجوان پریشان حال
حیدرآباد۔ 23 ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ اے ریونت ریڈی نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے پولیس کانسٹیبل ریکروٹمنٹ سے متعلق میرٹ لسٹ اور کٹ آف مارکس کی تفصیلات فوری جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ 90 ہزار بے روزگار نوجوانوں سے متعلق ہے اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اس کی فوری یکسوئی کرے تاکہ بے روزگار نوجوانوں کو وعدے کے مطابق روزگار حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ نتائج کی اجرائی پر غیر واضح صورتحال کے نتیجہ میں گزشتہ پانچ ماہ سے امیدوار پریشان ہیں۔ وہ یہ طے کرنے سے قاصر ہیں کہ آیا انہیں ملازمت ملے گی یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اضلاع سے تعلق رکھنے والے امیدوار نتیجے کے انتظار میں شہر کے خانگی ہاسٹلس میں مقیم ہیں اور مالیاتی بوجھ کا شکار ہیں۔ اس مسئلہ پر وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما رائو سے نمائندگی کی گئی تھی لیکن کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا۔ انہوں نے چیف منسٹر سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری مداخلت کریں اور کٹ آف مارک اور میرٹ لسٹ کی اجرائی کے لیے ڈائرکٹر جنرل پولیس اور ریکروٹمنٹ بورڈ کے صدرنشین کو ہدایات جاری کریں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران نوجوانوں سے روزگار کا وعدہ کیا گیا تھا۔ نئی ریاست کے قیام کے بعد نوجوان مطمئن تھے کہ انہیں ملازمتیں حاصل ہوں گی لیکن گزشتہ چھ برسوں میں حکومت نے تقررات کے سلسلہ میں کوئی سنجیدہ اقدامات نہیں کیئے۔