بنگلور۔23 اگست (سیاست ڈاٹ کام) جنتادل ایس سربراہ اور سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا نے آج ایک بار پھر جنتادل اور کانگریس اتحاد کی حکومت کے خاتمہ کے لیے کانگریس لیڈر سدارامیا کو ذمہ دار قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک کی متحدہ حکومت کے خاتمہ میں قومی پارٹی کے ہائی کمان کی غلطی ہے جس نے تشکیل حکومت سے قبل سابق چیف منسٹر سدارامیا سے مشورہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے سے یہ بات واضح تھی کہ کانگریس کے چند دوست متحدہ حکومت کو ابتداء سے بے دخل کرنے کی نیت رکھتے تھے۔ چوں کہ وہ یچ ڈی کمارا سوامی کو بحیثیت چیف منسٹر دیکھنا پسند نہیں کرتے تھے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اعلی قیادت سے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ سدا رامیا کے ساتھ تبادلہ خیال کیئے بغیر حکومت تشکیل نہ دی جائے۔ مگر راہول گاندھی نے اچانک فیصلہ کرلیا کہ ایچ ڈی کمارا سوامی آئندہ چیف منسٹر ہوں گے۔ یہ ان کا غلط فیصلہ تھا۔ وہ ایک اخبار میں شائع شدہ اپنے انٹرویو کا حوالہ دے رہے تھے جس میں انہوں نے واضح طور پر اشارہ کیا تھا کہ 14 مہینے کی کانگریس۔جے ڈی ایس حکومت کو گرانے کے لیے سدارامیا ذمہ دار ہے۔ تاہم انہوں نے انٹرویو کے دوران سدا رامایا کا واضح طور پر نام نہیں لیا تھا۔ واضح رہے کہ میسور کے علاقوں میں کانگریس اور جے ڈی ایس کو پہلے ہی ایک دوسرے کے خلاف حریف سمجھا جاتا رہا ہے۔