کانگریس ، ایل بی نگر رکن ا سمبلی سدھیر ریڈی کی کے ٹی آر سے ملاقات

   

عنقریب ٹی آر ایس میں شمولیت کا اعلان ، چیف منسٹر کے سی آر سے بھی ملاقات کریں گے
حیدرآباد /15 مارچ ( سیاست نیوز ) کانگریس پارٹی سے ارکان اسمبلی کے انحراف کا سلسلہ جاری ہے ۔ روزآنہ ایک رکن اسمبلی ٹی آر ایس میں شمولیت کا اعلان کر رہے ہیں۔ شہر کے ایل بی نگر حلقہ کے رکن اسمبلی سدھیر ریڈی نے آج ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ سے ملاقات کی ۔ انہوں نے ٹی آر ایس میں شمولیت کے فیصلے سے واقف کروایا ۔ اندرون دو تین یوم وہ چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات کریں گے ۔ سدھیر ریڈی کے انحراف سے اب تک کے منحرف ارکان کی تعداد 7 ہوگئی ۔ جبکہ اسمبلی میں کانگریس ارکان کی تعداد گھٹ کر 12 ہوچکی ہے ۔ مزید ایک رکن کی بغاوت کی صورت میں پارٹی مسلمہ اپوزیشن کے موقف سے محروم ہوجائے گی ۔ سدھیر ریڈی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کے ٹی آر سے ملاقات کی توثیق کی ۔ انہو ںنے کہا کہ ٹی آر ایس میں شمولیت کا فیصلہ کرچکے ہیں ۔ حلقہ کی ترقی کیلئے کے ٹی آر نے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے ۔ انہوں نے ایل بی نگر کی جھیلوں کو خوبصورت بنانے بی این ریڈی کالونی کے رجسٹریشن اور ایل بی نگر پراپرٹی ٹیکس کے مسائل حل کرنے کا تیقن حاصل کیا ہے ۔