حیدرآباد ۔ 26 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : ذات پات کی مردم شماری کے ذریعہ پسماندہ طبقات ( بی سی ) کے مطالبات کو پورا کرنے میں ناکامی پر کانگریس اور بی جے پی کو اپنی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بی آر ایس کی ایم ایل سی ، کے کویتا نے کل دونوں قومی جماعتوں پر بی سی کمیونیٹیز کے ساتھ دغا کرنے کا الزام عائد کیا ۔ بی سی کمیشن چیرمین بی وینکٹیشوراؤ کو 35 صفحات کی رپورٹ پیش کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے مخاطب کرتے ہوئے کویتا نے مطالبہ کیا کہ کانگریس قائد راہول گاندھی اس بات کی وضاحت کریں کہ ان کی پارٹی زائد از 55 سال تک ملک میں حکمرانی کرنے کے باوجود ذات پر مبنی مردم شماری کروانے میں کیوں ناکام رہی ۔ کویتا نے بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ شاہد ہے کہ زعفرانی جماعت کی پالیسیاں بی سی ، ایس سی اور ایس ٹی مخالف رہی ہیں اور الزام عائد کیا کہ یہ تعصب اس کے نظریہ کا حصہ ہے ۔۔