کانگریس ارکان پارلیمنٹ کی مرکزی وزیر نتن گڈگری سے ملاقات

   

آر ٹی سی مسئلہ پر مداخلت کی اپیل، جمعرات کو جائزہ اجلاس طلب کرنے مرکزی وزیر کا تیقن
حیدرآباد ۔ 26 ۔ نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کے کانگریس ارکان پارلیمنٹ نے آج نئی دہلی میں مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈگری سے ملاقات کی اور آر ٹی سی ہڑتال کے مسئلہ پر نمائندگی کی ۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کی قیادت میں اے ریونت ریڈی اور کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے نتن گڈگری کو آر ٹی سی ہڑتال کے سبب ملازمین کو درپیش مسائل اور تلنگانہ حکومت کے رویہ کے بارے میں واقف کرایا۔ یہ ملاقات تقریباً نصف گھنٹے تک جاری رہی۔ مرکزی وزیر سے درخواست کی گئی کہ وہ اس معاملہ میں مداخلت کریں کیونکہ آر ٹی سی کو ابھی تقسیم نہیں کیا گیا ہے ۔ کانگریس ارکان پارلیمنٹ نے ریاست کی تقسیم کے بعد تلنگانہ کے مسائل کی یکسوئی پر زور دیا۔ واضح رہے کہ مرکزی وزیر نے حال ہی میں آر ٹی سی مسئلہ پر تلنگانہ حکومت کے موقف پر نکتہ چینی کی تھی ۔ انہوں نے کہا تھا کہ اگر حکومت غیر قانونی قدم اٹھاتی ہے تومرکز خاموش نہیں رہے گا۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے تلنگانہ حکومت کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے بتایا تھا کہ آر ٹی سی ابھی تقسیم نہیں ہوئی ہے اور مرکز کا حصہ 32 فیصد ہے ، لہذا حکومت یکطرفہ طور پر کوئی فیصلہ نہیں کرسکتی۔ کانگریس ارکان پارلیمنٹ نے اس مسئلہ پر نمائندگی کیلئے وزیراعظم سے وقت مانگا تھا۔ تاہم وزیر اعظم کے دفتر نے کہا کہ چہارشنبہ کو ملاقات کا وقت دیا جاسکتا ہے۔کانگریس قائدین نے فوری طور پر وزیر ٹرانسپورٹ سے ملاقات کرتے ہوئے آر ٹی سی مسئلہ پر مرکز کی مداخلت پر زور دیا ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ آر ٹی سی میں مرکز کا 33 فیصد حصہ ہے ، لہذا ادارہ اور ملازمین کا تحفظ مرکز کی ذمہ داری ہے۔ نتن گڈگری نے ارکان پارلیمنٹ کو تیقن دیا کہ وہ اس مسئلہ پر جمعرات کو جائزہ اجلاس طلب کریں گے۔ ارکان پارلیمنٹ نے بتایا کہ کے سی آر نے تلنگانہ تحریک کے دوران آر ٹی سی ملازمین سے کئی وعدے کئے تھے لیکن اقتدار ملتے ہی وعدوں کو فراموش کردیا گیا ہے۔ انہوں نے آر ٹی سی جے اے سی کو مذاکرات کیلئے مدعو نہ کرنے پر تنقید کی۔