ریونت ریڈی کا اعلان ، اضلاع اور شہر کے بی جے پی و بی آر ایس قائدین کی پارٹی میں شمولیت
حیدرآباد ۔15 ۔ جون (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں آئندہ حکومت کانگریس کی ہوگی اور سماج کے تمام طبقات کے لئے ترقی اور فلاح و بہبود کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ بی آر ایس اور بی جے پی سے تعلق رکھنے والے کئی قائدین نے آج صدر پردیش کانگریس کی موجودگی میں کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔ عادل آباد کے علاوہ شاد نگر اور حیدرآباد میں مہیشورم اور اپل علاقوں سے تعلق رکھنے والے بی آر ایس اور بی جے پی کے قائدین نے اپنے حامیوں کے ساتھ کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی ۔ ریونت ریڈی نے کانگریس کا کھنڈوا پہناکر پارٹی میں استقبال کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کی کے سی آر حکومت بدعنوانیوں اور بے قائدگیوں سے پر ہے۔ علحدہ ریاست کی تشکیل سے عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہوا ، برخلاف اس کے صرف کے سی آر خاندان کے اثاثہ جات میں اضافہ ہوا ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ عادل آباد میں سابق وزیر جوگو رامنا کو کے سی آر نے نظرانداز کردیا ہے کیونکہ وہ پارٹی کیلئے کھوٹا سکہ بن چکے ہیں۔ عادل آباد کی ترقی کیلئے ریاستی وزیر اندرا کرن ریڈی نے کوئی مساعی نہیں کی۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ کانگریس برسر اقتدار آنے پر غریبوں کو مکانات کی تعمیر کیلئے پانچ لاکھ روپئے کی امداد دی جائے گی۔ کسانوں کے دو لاکھ روپئے کے قرضہ جات معاف کئے جائیں گے ۔ آروگیہ شری کے تحت 5 لاکھ روپئے تک کا علاج مفت کیا جائے گا۔ اور غریبوں کو پکوان گیس سلینڈر 500 روپئے میں سربراہ کئے جائیں گے ۔ اقتدار کے پہلے سال 2 لاکھ سرکاری جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک کی طرح تلنگانہ میں بھی خواتین کو آر ٹی بسوں میں مفت سفرت کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عادل آباد کے 8 اسمبلی حلقہ جات میں کانگریس کامیاب ہوگی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں دوبارہ اقتدار حاصل کرتے ہوئے سونیا گاندھی کو سالگرہ کا تحفہ پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کی ترقی کانگریس دور حکومت کی دین ہے ۔ کئی اہم پراجکٹس کانگریس دور میں شروع کئے گئے جن میں میٹرو ریل پراجکٹ شامل ہیں۔ ر