عاشور خانوں کو فنڈز کی اجرائی میں تاخیر پر تنقید، جلوس کے موثر انتظامات کا مطالبہ
حیدرآباد۔/19 اگسٹ، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی کے اقلیتی قائدین کی جانب سے آج الاوہ بی بی دبیر پورہ میں حاضری دی گئی اور بصد عقیدت و احترام روایتی ڈھٹی اور نذرانہ پیش کیا گیا۔ تلنگانہ پردیش کانگریس میناریٹیز ڈپارٹمنٹ حیدرآباد کے صدرنشین سمیر ولی اللہ کی قیادت میں کانگریس ترجمان سید نظام الدین، نائب صدر یوتھ کانگریس عامر جاوید، پردیش کانگریس آرگنائزنگ سکریٹری عثمان محمد خاں، پردیش کانگریس سکریٹری ساجد شریف، نائب صدرنشین میناریٹیز ڈپارٹمنٹ محمد ظہیر، عسکر علی بیگ، شہباز خاں اور دیگر یوتھ کانگریس قائدین نے الاوہ بی بی پر حاضری دی۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کی جانب سے ڈھٹی پیش کی گئی۔ اس موقع پر سمیر ولی اللہ نے بتایا کہ حیدرآباد کی 400 سالہ قدیم اور روایتی بی بی کے علم پر کانگریس کی جانب سے ہر سال ڈھٹی پیش کرتے ہوئے شہیدان کربلا کو خراج پیش کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک سے کورونا کے خاتمہ اور 2023 میں تلنگانہ میں کانگریس کے اقتدار کیلئے دعا کی گئی۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے عاشور خانوں کو فنڈز کی اجرائی میں تاخیر پر تنقید کی اور کہا کہ حکومت کے جائزہ اجلاس میں جو وعدہ کیا گیا تھا اس کی تکمیل نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ عاشور خانوں میں انتظامات کے سلسلہ میں ذمہ داروں کو فنڈز کی کمی کا سامنا ہے۔ انہوں نے 10 محرم کو یوم عاشورا کے موقع پر جلوس کے موثر انتظامات کا مطالبہ کیا۔ کانگریس قائدین نے اس موقع پر سبیل پہنچ کر زائرین میں تبرکات تقسیم کئے۔R