کانگریس امیدواروں کو قطعیت دینے اسکریننگ کمیٹی اجلاس میں سرگرم مشاورت

   

30 امیدواروں پر اتفاق رائے، ہائی کمان سے منظوری کے بعد پہلی فہرست کی اجرائی
حیدرآباد /21ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی انتخابات کیلئے کانگریس امیدواروں کو قطعیت دینے نئی دہلی میں آج دوسرے دن بھی کانگریس اسکریننگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اسکریننگ کمیٹی صدرنشین رکن پارلیمنٹ مرلیدھرن کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں تلنگانہ انچارج مانک راؤ ٹھاکرے، پی سی سی صدر ریونت ریڈی، ارکان پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، تشہیری کمیٹی کے صدرنشین مدھو یاشکی گوڑ، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا اور اسکریننگ کمیٹی ارکان جگنیش میوانی ؤ بابا صدیقی نے شرکت کی۔ اسکریننگ کمیٹی نے کل پہلے اجلاس میں امیدواروں کے ناموں پر غور کیا تھا تاہم آج تفصیلی غور کا فیصلہ کیا گیا۔ کانگریس نے مقابلہ کے خواہشمند تمام قائدین کو درخواستوں کا ادخال لازمی قرار دیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ 1000 سے زائد درخواستوں کو شارٹ لسٹ کرنے کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ 30 تا 40 اسمبلی حلقوں میں صرف ایک نام کو قطعیت دی گئی جبکہ باقی حلقہ جات میں دو یا تین ناموں کی سفارش کی جائیگی جس پر ہائی کمان قطعی فیصلہ کریگا۔ بہت کم حلقہ جات میں صرف ایک درخواست داخل ہوئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پارلیمنٹ اجلاس کے پیش نظر کانگریس نے امیدواروں کی فہرست جاری کرنے سے گریز کیا ہے۔ لوک سبھا و اسمبلیوں کے بیک وقت انتخابات کی قیاس آرائیوں کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا۔ اب جبکہ اکٹوبر کے پہلے ہفتہ میں الیکشن شیڈول کی اجرائی کا امکان ہے لہذا کانگریس پہلی فہرست کی اجرائی کی تیاری کررہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ گریٹر حیدرآباد کے 24 حلقہ جات کے امیدواروں کو قطعیت دی جاچکی ہے اور یہ فہرست ہائی کمان کو پیش کردی گئی۔ کئی حلقہ جات میں سخت مقابلہ ہے لہذا اسکریننگ کمیٹی ایک سے زائد نام ہائی کمان کو پیش کرے گی۔ بتایا گیا کہ 30 اسمبلی حلقہ جات میں ایک نام پر اسکریننگ کمیٹی میں اتفاق ہوچکا ہے۔ یہ حلقے ایسے ہیں جہاں سے موجودہ ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی کے علاوہ سابق وزراء اور سینئر قائدین نے درخواستیں داخل کی ہیں۔ امید ہے کہ جاریہ ماہ کے اواخر تک پہلی لسٹ اجرائی کیلئے تیار ہوجائیگی۔ پارلیمنٹ خصوصی اجلاس کے دوران اسکریننگ کمیٹی ارکان ہائی کمان سے مشاورت کیلئے دہلی میں دستیاب رہیں گے۔