حیدرآباد۔/22 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے تلنگانہ اسمبلی چناؤ کیلئے امیدواروں کی دوسری فہرست پر مسلسل دوسرے دن بھی آج سرگرم مشاورت کی۔ نئی دہلی میں کانگریس اسکریننگ کمیٹی کے اجلاس میں امیدواروں کے ناموں پر غور کے دوران ارکان کے درمیان گرما گرم مباحث کی اطلاع ہے۔ پارٹی نے 55 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کردی ہے اور باقی 64 امیدواروں کے ناموں پر غور کیا جارہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق 35 تا 40 اسمبلی حلقہ جات کے امیدواروں کے ناموں پر اتفاق رائے پایا گیا۔ پارٹی ہائی کمان نے سنٹرل الیکشن کمیٹی کے 25 اکٹوبر کے اجلاس میں فہرست کو قطعیت دینے کی ہدایت دی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پارٹی کی دوسری فہرست اسی دن جاری کی جائے گی۔